ٹی 20 ورلڈ کپ اورایشیا کپ ملتوی ہونے کے بعد پی سی بی نے بھی پلاننگ شروع کردی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اورایشیا کپ ملتوی ہونے کے بعد پی سی بی نے بھی پلاننگ اوررابطوں کا آغاز کردیا ہے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ ستمبر سے اکتوبر تک خالی ہونے والی ونڈو سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ پس منظر میں کئی ممالک سے بات چیت چل رہی ہے، پاکستانی ٹیم کے پاس اب خاصا وقت ہوگا ، حالات میں مزید بہتری کا انتظار ہے،ابھی فوری فیصلے کا وقت نہیں لیکن کچھ نہ کچھ ضرور کریں گے۔دوسرے ممالک بھی موجودہ صورت حال میں پاکستان ٹیم بھجوانے سے پہلے حالات کا جائزہ لیں گے۔ فوری طورپر کسی کے لیے بھی فیصلہ کرنا آسان نہیں ہوگا۔

وسیم خان کےمطابق جنوبی افرایقہ میں مختصر دوراینے کی سیریز کھیلنے کے لیے جانے کا ابھی کنفرم نہیں،وہاں کے حالات بھی خراب ہیں، ان سے کئی معاملات پر بات چیت چل رہی ہے۔ اگست کے آخر تک کسی فیصلےپر پہنچنے کے قابل ہوجائیں گے۔

یاد رہے کہ نومبرمیں پی سی بی پاکستان سپرلیگ فائیو کے باقی ماندہ چار میچز کرانے کا خواہش مند ہے۔