بنگلہ دیش کے تجربہ کار بلے باز اورسابق کپتان تمیم اقبال سینٹرل کنٹریکٹ سے بھی باہر ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹ 2024ء کا اعلان کردیا ہے جس میں تمیم اقبال کے ساتھ ساتھ عبادت حسین، عفیف حسین اور مصدق حسین کے ناموں پر غور نہیں کیا گیا۔ سال 2023ء تمیم اقبال کے لئے کافی ہنگامہ خیز رہا، تمیم اقبال نے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ2023 ء سے قبل اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تاہم24 گھنٹے کے اندر انہوں نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا اوربعد ازاں میگا ایونٹ سے دو ماہ قبل ٹیم کی کپتانی سے دستبردار ہو گئے تھے۔
نئے کپتان نجم الحسن شانتو کو تمام طرز کی کرکٹ کیلئے ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے، توحید ہردوئے، تنزیم حسن، محمودالحسن جوئے، نعیم حسن اور نور الحسن سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل ہونے والے نئے کھلاڑی ہیں۔
سینٹرل کنٹریکٹ 2024ء کے تمام فارمیٹس میں جگہ بنانے والے کرکٹرز میں لٹن داس، شکیب الحسن، مہدی حسن میراز، نجم الحسن شانتو اور شریف الاسلام شامل ہیں۔
تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز مشفیق الرحیم کو ٹیسٹ اور ون ڈے کے لئے کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔ تسکین احمد، توحید ہردوئے، مستفیض الرحمان اور حسن محمود کو ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کیلئے کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔ اسی طرح مومن الحق، تیجل الاسلام، ذاکر حسن، محمود الحسن جوئے، خالد احمد اور نعیم احسن کو صرف ٹیسٹ میچزکھیلنے کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا ہے، محمود اللہ اور تنظیم حسن کو ون ڈے جبکہ ناسم احمد، مہدی حسن اور نور الحسن کو صرف ٹی ٹونٹی کے لئے کنٹریکٹ میں شامل کیا گیا ہے۔