ریکارڈ ٹیسٹ ڈبل سنچری نے ٹیمی بیومونٹ کا حوصلہ بڑھا دیا

ٹیمی بیومونٹ نے ایشز ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنانے والی پہلی انگلش پلیئر کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ انگلش پلیئر نے 208 رنز کی ریکارڈ توڑ اننگز کھیلی۔ 

ٹیمی بیومونٹ نے آسٹریلیا کے خلاف جاری ویمنز ایشز ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنانے والی پہلی انگلش پلیئر کا اعزاز حاصل کیا ہے، اس کارنامے پر کرکٹ حلقوں کی ہرجانب سے ستائش کی جارہی ہے۔

اوپنر ٹیمی بیومونٹ ڈبل سنچری بنانے والی پہلی انگلش خاتون بن گئی ہیں کیونکہ انہوں نے ہفتہ کو ویمنز ایشز ٹیسٹ کے تیسرے دن میزبان ٹیم کی فائٹ بیک کی قیادت کی، اس سے پہلے آسٹریلیا نے اپنی برتری کو 92 رنز تک بڑھا دیاتھا۔

یہ خواتین کے ٹیسٹ میں آٹھویں ڈبل سنچری بھی تھی جس میں پاکستان کی کرن بلوچ 2004 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 242 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

 

208 کی ریکارڈ شکن اننگز کھیلنے والی ٹیمی نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ میں ہمیشہ سے ملکی ٹیم کے لیے کچھ خاص کرنا چاہتی تھیں، مجھے اس وقت کا انتظار تھا، میں ابھی محض 32 برس کی ہوں، لہذا سخت محنت کرتی ہوں، میں نے اپنا مائنڈ سیٹ تبدیل کرتے ہوئے ہر ممکن حد تک مثبت ہونے کی کوشش کی تھی، جس کی بدولت مجھے یہ کارنامہ انجام دینے میں مدد ملی۔