تین انگلش گراؤنڈز بھارت، پاکستان ٹیسٹ سیریزکی میزبانی کے تمنائی

انگلینڈ کے تین گرائونڈز ممکنہ پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کے خواہشمند ہیں۔  
بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کے پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کھیلنے کی خواہش کے اظہار کے بعد انگلینڈ کے تین کرکٹ اسٹیڈیم پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کے خواہشمند ہیں۔ 
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں ٹیسٹ سیریز کی بحالی میں انگلینڈ ایک مناسب اور متوقع نیوٹرل وینیو ہوسکتا ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی حکومت نے اپنی ٹیم کو تاحال پاکستان کے ساتھ سیریز کی اجازت نہیں دی ہے، دونوں حکومتوں کی جانب سے نیوٹرل وینیو پر راضی ہونے کی صورت میں لارڈز، اوول اور ایجبسٹن پاک بھارت ٹیسٹ میچز کی میزبانی کے خواہشمند ہیں۔ 
چیف ایگزیکٹو وارکشائراسٹیورٹ کین کا کہنا ہے کہ ہم پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کے پروپوزل کو بھرپورسپورٹ کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ سیریز پورے ریجن اور ویسٹ مڈلینڈز میں رہنے والے بہت سارے پاکستانیوں اور بھارتی مداحوں کے لیے ایک شاندار سیریزہوگی۔ 
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری بار ٹیسٹ میچ 2007 میں کھیلا گیا تھا جس میں پاکستان کو ایک صفر سے شکست ہوئی تھی۔ 
دوسری جانب پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی تک پاکستانی ٹیم بہت مصروف ہے، پہلے بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے پاکستان آئے پھر ہم دونوں ملکوں کے درمیان باہمی ٹیسٹ سیریز کے آپشن پر غور کریں گے۔،،