آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے فائنل میں بھارت کو شکست دینے کے بعد وننگ ٹرافی پر پاؤں رکھنے کے معاملے پر آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر مچل مارش نے لب کشائی کردی۔
پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے قبل آسٹریلوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے مچل مارش نے کہا کہ ٹرافی پر پاؤں رکھ کر کوئی توہین نہیں کی، میں نے اس بارے میں زیادہ نہیں سوچا البتہ میگا ایونٹ کے فوراً بعد بھارت کے خلاف سیریز کی وجہ سے جیت کا جشن مانند پڑگیا۔
آسٹریلوی کرکٹر سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ دوبارہ یہ عمل دہرائیں گے، جس پر مارش نے جواب دیا سچ پوچھیں تو، ہاں۔۔
مچل مارش نے ورلڈکپ 2023 کے بعد سیریز پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میگا ایونٹ جیتنے کے بعد شاید ہم جشن منانے اور اپنے اہلخانہ کے ساتھ وقت گزارنے کے مستحق تھے، امید کریں گے کہ بڑے ٹورنامنٹ کے بعد دوبارہ زیادہ سیریز نہیں ہوں گی۔
ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کے کئی اراکین بھارت میں سیریز کے باعث گھر نہیں جاسکے تھے جن میں اسٹیو اسمتھ، ایڈم زمپا، گلین میکسویل، مارکس اسٹوئنس، جوس انگلیس اور شان ایبٹ شامل ہیں جنہیں بھارت میں ہی رکنا پڑا تھا جسکی وجہ سے ٹیم ورلڈکپ 2023 کی خوشیاں منانے سے قاصر رہی تھی۔
دوسری جانب ہوم گراؤنڈ پر فائنل میں شکست خودرہ بھارتی ٹیم کے مداحوں نے اپنے دل کی بھڑاس آسٹریلوی کرکٹرز پر نکالتے ہوئے جشن منانے کے طریقوں پر سوالات اٹھائے تھے جبکہ بھارت میں مارش کے کھیلنے پر پابندی لگانے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔