پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی معروف فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نئے سیزن کے آغاز سے قبل اپنے کپتان سرفراز احمد کے مستقبل پر غور شروع کردیا۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق نوجوان کرکٹر سعود شکیل اور ملتان سلطانز سے گلیڈی ایٹرز میں شامل ہونے والے ریلی روسو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی کیلئے مضبوط دعویدار ہیں۔
فرنچائز کی اعلیٰ قیادت اور منتظمین سرفراز احمد کو ٹیم کی کپتانی دیئے جانے کے فیصلے کی طرف جھکاؤ رکھتے ہیں تاہم کئی افراد ان کے 8 سالہ پی ایس ایل کپتانی کے دور کا خاتمہ چاہتے ہیں۔
پی ایس ایل ڈرافٹ کے دوران ابتدائی طور پر سرفراز کو کپتان نامزد کرنے کے باوجود فروری میں آنے والے سیزن کے آغاز سے قبل تبدیلی کا امکان ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کےکوچ شین واٹسن سے نئے کپتان سے متعلق مشورہ لیا جائے گا اور وہ مبینہ طور پر قیادت میں تبدیلی کے حامی ہیں۔
واضح رہے کہ گلیڈی ایٹرز نے معین خان کو ہیڈ کوچ کے عہدے سے ترقی دے کر ٹیم ڈائریکٹر بنادیا ہے جبکہ ہیڈکوچ کیلئے شین واٹسن کی خدمات لی گئی ہیں۔