پاکستان کرکٹ بورڈ نے عمر اکمل کے نازیبا رویہ پر ان کی سرزنش کرتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا۔
بورڈ ترجمان کے مطابق ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل کی جانب سے فٹنس ٹیسٹ کے دوران مبینہ بدانتظامی کے حوالے سے اپنی کارروائی مکمل کرلی ہے، تمام فریقین کا مؤقف جاننے کے بعد یہ امر سامنے آیا ہے کہ یہ واقعہ غلط فہمی کی وجہ سے سامنے آیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ عمر اکمل کی جانب سے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا گیا جس کے بعد کرکٹ بورڈ نے انہیں سرزنش کرتے ہوئے بطور سینئر کرکٹر ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلایا ہے لیکن معاملہ اب ختم ہوچکا، پی سی بی اور عمر اکمل اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔