لاہور: سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ عمراکمل اوراحمد شہزاد کیساتھ کبھی کوئی مسائل نہیں ہوئے، دونوں کا ٹیم میں رویہ بہترین ساتھی کھلاڑی کا رہا۔
پاکستان میں کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pkکے پروگرام ’’کرکٹ کارنر ود سلیم خالق‘‘ میں بات کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ عمر اکمل اور احمد شہزاد کیساتھ بطور کپتان اور پلیئر کھیلتا رہا ہوں، نہیں جانتا کہ لوگ دونوں کے بارے میں کیا کہتے ہیں، مجھے ان کیساتھ کبھی بھی کوئی مسئلہ نہیں ہوا، میدان کے اندر اور باہرمیری ان کیساتھ اچھی دوستی ہے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ فی الحال قومی ٹیم میں کم بیک کا نہیں سوچ رہا،ان چیزوں کی فکر کرتا ہوں جو میرے ہاتھ میں ہیں، توجہ پی ایس ایل پر مرکوز ہے، اپنی فارم اور فٹنس برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا تاکہ اپنی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلیے کارکردگی دکھاسکوں، فراغت کے دنوں میں اپنی فارم اور فٹنس بہتر بنانے کیلیے زیادہ وقت میسر ہوتا ہے، اس کا فائدہ اٹھارہا ہوں۔
سرفراز احمد نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل میں اپنے اعزاز کے دفاع کیلیے تیار ہیں،گرچہ کیٹیگریز میں تبدیلیوں کی وجہ سے چند کھلاڑیوں کی کمی محسوس ہوگی،اس کے باوجود ہماری ٹیم اچھی ہے،پہلی بار پوری پی ایس ایل پاکستان میں ہورہی ہے،پلیئرز خاصے پر جوش ہیں، ہوم کراؤڈ کے سامنے بہترین کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔