عثمان خان نے یو اے ای کو سینٹرل کنٹریکٹ ختم کرنے کا نوٹس بھیج دیا،وہ آئندہ سال اماراتی ٹیم کی نمائندگی کے اہل ہو سکتے تھے مگر اب تمام کشتیاں جلا کر پاکستان آ گئے ہیں۔
پی سی بی نے عثمان خان کو کاکول میں جاری فٹنس کیمپ کا حصہ بنایا ہے،انھوں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 میں ملتان سلطانز کی جانب سے عمدہ پرفارم کیا،2 سنچریوں اور اتنی ہی ففٹیز کی مدد سے وہ 430 رنز بنا کر بیٹرزمیں دوسرےنمبرپررہے، اس کارکردگی سے سلیکٹرز کی توجہ ان کی جانب مبذول ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ عثمان خان نے گذشتہ روز امارات کرکٹ بورڈ کو اپنا سینٹرل کنٹریکٹ ختم کرنے کا نوٹس بھیج دیا، اس میں انھیں پی سی بی سے بھی قانونی مشاورت ملی، وہ اب مکمل طور پر پاکستانی کرکٹ میں اپنا مستقبل بنانا چاہتے ہیں۔
عثمان نے 2017 میں کراچی وائٹس کی جانب سے فرسٹ کلاس ڈیبیو کیاتھا، 2 فرسٹ کلاس میچزکی چاراننگز میں وہ صفر،8 ،9 اور22 تک محدود رہے، اس کے بعد بہتر مستقبل کے لیے یو اے ای چلے گئے، آئندہ برس جون تک وہ اماراتی ٹیم کی نمائندگی کے حقدار بن جاتے مگر کہانی میں نیا موڑ آگیا۔
امارات کرکٹ بورڈ نے ان کو مالی مشکلات سے بچانے کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ بھی دیا،رواں سال آئی ایل ٹی ٹوئنٹی میں انھوں نے مقامی کھلاڑی کی حیثیت سے گلف جائنٹس کی نمائندگی کی،گوکہ وہ پاکستانی پاسپورٹ ہولڈر ہیں لیکن بھارتی اونرکی فرنچائر میں شمولیت کے لیے انھیں لوکل پلیئرقراردیا گیا،انھیں 50 ہزار ڈالر (تقریبا ایک کروڑ 40 لاکھ روپے) معاوضہ ملا۔
عثمان خان نے غیرملکی کرکٹرکی حیثیت سے پی ایس ایل میں حصہ لیا اور وہ ای سی بی سے این او سی لے کر پاکستان آئے تھے، انھیں فائنل کے بعد رات کو دبئی واپس جانا تھا مگر نہیں گئے،اس دوران وہ پی سی بی کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے، ملتان سلطانزکی ایک اعلیٰ شخصیت نے ان کے معاملات طے کرانے میں اہم کرداراداکیا، اب عثمان نے معاہدہ ختم کرنے کا نوٹس بھیج دیا، معاہدے کی خلاف ورزی پر ان کے آئندہ اماراتی ٹورنامنٹس میں شرکت پر پابندی بھی عائد ہو سکتی ہے۔
انھیں پاکستان میں کسی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ نہ صرف نیوزی لینڈ کے ساتھ ہونے والی سیریز کا حصہ ہوں گے بلکہ ورلڈکپ اسکواڈ میں بھی شامل ہوں گے، اسی وجہ سے انھوں نے اماراتی کرکٹ میں اپنے لیے دروازے بند کرلیے ہیں۔
یاد رہے کہ 29 سالہ عثمان خان نے چند روز قبل ایک غیرملکی ویب سائٹ کو انٹرویو میں پاکستان کے لیے کرکٹ نہ کھیلنے کا کہا تھا لیکن اب لگتا ہے انہوں نے اپنا ذہن بدل لیا ہے۔