عثمان خواجہ کوبیٹ سے امن کی فاختہ کا لوگو ہٹانا پڑگیا، مگرکیوں؟  

آئی سی سی کے دہرے معیار کا شکار ہونے والے آسٹریلوی ٹیم کے اوپنرعثمان خواجہ کو اپنے بیٹ پرسے امن کی فاختہ کا لوگو ہٹانا پڑگیا۔ 
غیرملکی میڈیا کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں آسٹریلیا کی اننگز کے 19 ویں اوور میں عثمان خواجہ نے نئے بیٹ کے لیے پویلین کی طرف اشارہ کیا جس کے بعد 12 ویں کھلاڑی میتھیو رنشا کچھ بیٹ لے کر آئے، جس میں سے اوپنر نے ایک بیٹ منتخب کیا تو اس پر فاختہ کے نشان والا لوگو موجود تھا۔
 
عثمان خواجہ نے بیٹ استعمال کرنے سے پہلے اس پرلگا ہوا لوگو ہٹایا جس کی تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔  
قبل ازیں گزشتہ برس پاکستان کیخلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں عثمان خواجہ نے فاختہ کا لوگو (امن کا نشان) لگانے کی درخواست کی تھی جسے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مسترد کردیا تھا۔  
عثمان خواجہ فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا چاہتے تھے، وہ پرتھ ٹیسٹ میں اپنے جوتوں پر انسانی حقوق کے بارے میں نعرہ بھی لکھنے کے خواہشمند تھے۔  
بعدازاں کرکٹ آسٹریلیا نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے عثمان خواجہ کو بگ بیش لیگ میں فاختہ کا لوگو لگاکر کھیلنے کی اجازت دیدی تھی۔