ویرات کوہلی کا ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

بھارت کے اسٹار بیٹسمین ویرات کوہلی نے ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ 
جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے فائنل میں بھارتی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے پر ویرات کوہلی کو مین آف دی میچ کا حقدار قرار دیا گیا۔ 
جنوبی افریقہ کے خلاف بھارت کی ابتدائی تین وکٹیں 34 رنز پر گرگئی تھیں جس کے بعد ویرات کوہلی نے اکشر پٹیل کے ساتھ ملکر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 59 گیندوں پر 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ 
میچ کے بعد اختتامی تقریب میں 35 سالہ ویرات کوہلی نے اعلان کیا کہ یہ ان کا آخری ٹی 20 ورلڈ کپ اور مختصر فارمیٹ کا آخری میچ تھا۔ 
انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ کو اب اگلی نسل کے سنبھالنے کا وقت ہے، اب نئے کھلاڑی ٹیم کو آگے لے کر جائیں گے اور دنیابھرکے  گرائونڈز میں بھارتی پرچم لہراتے رہیں گے۔