قومی کرکٹر وہاب ریاض اب پنجاب کی نگراں کابینہ میں وزرات کھیل کی ذمہ داریاں نبھائیں گے تاہم وہاب ریاض ان دنوں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کھیلنے کے لیے ڈھاکہ میں موجود ہیں۔ اس لیے ان کے بھائی احسن ریاض نے میڈیا سے بات چیت میں وہاب کے نگراں کابینہ کا حصہ بننے کی تصدیقکردی ہے۔
احسن ریاض کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش پریمئیر لیگ (بی پی ایل) کی مصروفیات کی وجہ سے بھائی ابھی نگراں وزیر کا حلف نہیں اٹھا سکے، وہ جلد واپس آکر حلف اٹھائیں گے۔
ذرائع کے مطابق نگراں کابینہ میں قومی فاسٹ بولر کو اسپورٹس منسٹری دی جائے گی۔
دوسری جانب پنجاب کے نامزد 11 نگراں وزرا میں سے 8 نے حلف اٹھا لیا، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے نگراں وزرا سے حلف لیا۔
حلف اٹھانے والوں میں ایس ایم تنویر، ڈاکٹرجاوید اکرم، ابراہیم مراد، بلال افضل، ڈاکٹر جمال ناصر، منصور قادر، سید اظفر علی ناصر اور عامر میر شامل ہیں۔