سری لنکا کے کرکٹر ہسارنگا کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ  

سری لنکا کے آل راؤنڈر وانندو ہسارنگا نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کرلیا۔ 
اس حوالے سے سری لنکن کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وانندو ہسارنگا نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے فیصلے سے آگاہ کیا ہے اور وہ مختصر دورانیے کی کرکٹ کے کیریئر کو طویل کرنے کے لیے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہورہے ہیں۔ 
ہسارنگا نے منگل 15 اگست کو سری لنکن کرکٹ کو اپنی ریٹائرمنٹ کے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا اور بورڈ نے اسے قبول کرلیا۔ 
سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سی ای او ایشلے ڈی سلوا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہم وانندو ہسارنگا کے فیصلے کو تسلیم کریں گے، ہمیں یقین ہے کہ ان کا وائٹ بال کرکٹ میں اہم کردار رہے گا۔ 
واضح رہے کہ وانندو ہسارنگا نے سری لنکا کے لیے 4 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں جبکہ وہ 48 ون ڈے اور 58 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی سری لنکا کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ 
26 سالہ ہسارنگا نے دسمبر 2020 میں جنوبی افریقہ کے خلاف اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا، جبکہ انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ دو سال قبل اپریل 2021 میں بنگلہ دیش کے خلاف سری لنکا میں ہی کھیلا تھا۔ 

سری لنکا آل راؤنڈر وانندو ہسارنگا ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر تین پر براجمان ہیں۔