پی ایس ایل2025 ایڈیشن: وقار یونس کا ٹیموں کی تعداد بڑھانے کا مطالبہ  

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں فرنچائزز کی تعداد بڑھانے کی تجویز دے دی۔ 
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پی سی بی چیئرمین کے آفیشل ہینڈل سے خطاب کرتے ہوئے وقاریونس نے 2025 میں ہونے والے پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن 10 میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی تعداد بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ 
سابق کرکٹر  کا موقف تھا کہ پی ایس ایل جیسے بڑے برانڈ کے لئے 6 ٹیمیں بہت کم ہیں، ان کی تعداد میں خاطرخواہ اضافہ کیا جانا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وقار یونس نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو تجویز دی کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) جیسے بڑے برانڈ کے لیے 6 ٹیمیں بہت کم ہیں، پی ایس ایل 2025 کے اپنے ایڈیشن 10 میں کم از کم 8 ٹیموں کی حقدار ہے۔ 
انہوں نے سوال کیا کہ گزشتہ برس پی ایس ایل میچز کے دوران ویمنز ٹیم کے 3 نمائشی میچ کروائے گئے تھے، اس مرتبہ کیوں نہیں ہوئے؟  
وقار یونس نے ایک اور تجویز پیش کی کہ پی ایس ایل کے دوران اردو کمنٹری کے لیے الگ چینل اور سیٹ اپ ہونا چاہیے کیونکہ اردو میں کمنٹری سننے والوں کی بھی بڑی تعداد دنیا میں موجود ہے۔  
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست دے کر پی ایس ایل 2024 کی ٹرافی اپنے نام کی اور تیسری بار ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔