پی ایس ایل9: وسیم اکرم نے بابراعظم کی تعریفوں کے پُل باندھ دیئے

سوئنگ کے سلطان اور قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم کی تعریفوں کے پُل باندھ دیئے۔ 
مقامی اسپورٹس چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان وسیم اکرم سے ایک مداح نے سوال کیا کہ بابراعظم کو بولنگ کروانے سے متعلق آپ کی حکمت عملی کیا ہوتی؟ جس پر انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بابراعظم کا شمار دنیا کے تین ٹاپ بلےبازوں میں ہوتا ہے اور وہ اچھے شارٹس کھیلتے ہیں۔ 
وسیم اکرم نے کہا کہ بابراعظم بلکل برائن لارا اور سچن ٹنڈولکر کی طرح ہیں، وہ کوئی ہٹر نہیں جو ایک خراب گیند پر وکٹ گنوادیں بلکہ اچھی گیندوں پر اچھے شارٹس کھیلنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔  
انہوں نے کہا کہ یہ تینوں بلےباز ایک بولر کو وکٹ لینے کا بہت کم موقع دیتے ہیں البتہ آپ انہیں ابتدائی اوورز میں اٹیک کریں تاکہ اندازہ ہو کہ وہ سیٹ ہیں یا مشکل میں ہیں، پھر آپکو وکٹ مل سکتی ہے کیونکہ بعض اوقات پچ سے بھی بولرز کو مدد ملتی ہے۔ 
 
واضح رہے کہ بابراعظم رواں پی ایس ایل میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرچکے ہیں، انہوں نے ابتدائی 5 میچز میں 330 رنز بنائے ہیں جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کھیلی گئی 111 رنز کی زبردست اننگز بھی شامل ہے۔