وسیم اکرم چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی پاکستان میں شرکت کے لیے پُرامید

وسیم اکرم نے امید ظاہر کی ہے کہ چیمپئنر ٹرافی کے لئے بھارتی ٹیم پاکستان آئے گی۔ پاکستان اگلے سال فروری اور مارچ کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا۔  
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے لیجنڈری فاسٹ بؤلر وسیم اکرم پر امید ہیں کہ بھارتی کرکٹ ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء میں شرکت کے لیے پاکستان کا سفر کرے گی جو اگلے سال فروری اور مارچ کے درمیان شیڈول ہے۔ پاکستان اور بھارت نے 2013ء سے کوئی دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی ہے، آخری بار بھارتی ٹیم نے ایشیاء کپ کھیلنے کے لیے 2008ء میں پاکستان کا سفرکیا تھا، تاہم اس بار وسیم اکرم امید کر رہے ہیں کہ بھارتی ٹیم پاکستان آئے گی اور وہاں تمام ٹیموں کے لیے موجود "شاندار انتظامات" کو دیکھے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے چیئرمین محسن نقوی اسٹیڈیمز کو اپ گریڈ کر رہے ہیں۔ وسیم اکرم نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ ’مجھے امید ہے بھارت چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آئے گا۔ پورا ملک تمام ٹیموں کے استقبال کا منتظر ہے۔ کرکٹ شاندار ہوگی اور ہم ان کا شاندار انداز میں استقبال کریں گے۔ ہمارے پاس بڑی سہولیات ہیں اور ہم نئے اسٹیڈیموں پر کام کر رہے ہیں"۔
انہوں نے مزید کہا کہ “چیئرمین پی سی بی نے لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں نئے اسٹیڈیمز پر کام شروع کر دیا ہے اس لیے مجھے یقین ہے کہ یہ بہت اچھا ٹورنامنٹ ہوگا اور پاکستان کو کرکٹ کی بہتری کے لیے اس ٹورنامنٹ کی ضرورت ہے اور مجھے امید ہے کہ تمام ممالک آئیں گے کیونکہ کرکٹ اور سیاست کو ہمیشہ الگ الگ ہونا چاہیے۔،، 
قومی ٹیم کے سابق کپتان نے مزید کہا کہ"مجموعی طور پر سب کچھ تیار ہے۔ پورا ملک تمام ٹیموں اور معززین اور پریس کے استقبال کا منتظر ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ آپ لوگ یہ دیکھیں گے کہ ہم نے پاکستان میں کیا شاندار انتظامات کیے ہیں"۔
واضھ رہے کہ انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں کل 15 میچز ہوں گے اور بھارت اپنے تمام میچ لاہور میں کھیلے گا۔ یہ ایونٹ آٹھ سال کے وقفے کے بعد ہوگا، 2017ء میں پاکستان فائنل میں بھارت کو شکست دے کر کامیاب ہوا تھا۔ 2025ء کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے جن ٹیموں کی تصدیق کی گئی ہے ان میں پاکستان (میزبان)، بھارت، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، افغانستان، انگلینڈ اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔