وسیم جونیئر نے اسپورٹس مین اسپرٹ کی اعلیٰ مثال قائم کر دی  

وسیم جونیئر نے اسپورٹس مین اسپرٹ کی اعلیٰ مثال قائم کر دی  

 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پیسر وسیم جونیئر نے پی ایس ایل کے حالیہ میچ میں اسپورٹس مین اسپرٹ کی مثال قائم کر دی۔ 
تفصیلات کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ کے دوران فاسٹ بولروسیم جونیئر نے اسپورٹس مین اسپرٹ کی زبردست مثال قائم کردی۔
ہوا کچھ یوں کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی بلے بازی کے دوران وسیم جونیئر بولنگ کروارہے تھے، ان کی ایک گیند پر رن مکمل کرنے کی کوشش میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹر سلمان علی آغا دوڑے تو ان کے راستے میں وسیم آگئے، اس دوران بیٹر کے ہاتھ سے بیٹ گرگیا جبکہ بولر نے بیلز تو اڑا دیں لیکن رن آؤٹ کی اپیل سے گریز کیا، ان کے اس رویے کو کرکٹ کے حلقوں میں خاصا سراہا جارہا ہے۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بیٹر سلمان علی آغا کے ہاتھ سے بیٹ گرجاتا ہے اور وہ کریز سے تھوڑا دور ہوتے ہیں، اگر بولر چاہتے تو بیلز اڑانے کے بعد رن آئوٹ کی اپیل کرسکتے تھے مگر انہوں نے اسپورٹ مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے رن آئوٹ کی اپیل کرنے سے گریز کیا اور اگلی گیند کرانے کے لیے بولنگ اینڈ کی طرف بڑھ گئے۔