قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے سڈنی ٹیسٹ میں شاہین آفریدی کی عدم شمولیت پر ٹیم مینجمنٹ کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
فاکس کرکٹ پر انٹرویو دیتے ہوئے سابق کپتان وسیم اکرم نے دعویٰ کیا کہ سڈنی ٹیسٹ نہ کھیلنے کا فیصلہ ٹیم مینجمنٹ کا نہیں بلکہ شاہین آفریدی کا تھا، کھلاڑیوں کو اب فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ عظیم کرکٹر بننا چاہتے ہیں یا کروڑ پتی؟
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف 5 ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کیلئے شاہین کپتان ہیں، یہ سیریز دونوں بورڈز کے لئے محض مالی فائدہ حاصل کرنے کے لئے ہے، کرکٹ کے اصل کھیل کی کس کو پروا ہے؟
سوئنگ کے سلطان کا کہنا تھا کہ کرکٹرز کو معلوم ہونا چاہیے کہ ٹیسٹ فارمیٹ ہی اصل کرکٹ ہے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ 20 سال قبل سڈنی ٹیسٹ کے بارے میں لوگوں سے بات کریں تو وہ جانتے ہوں گے لیکن کل کیا ہوا تھا پوچھیں کسی کو معلوم نہیں ہوگا۔