کپتان اچھا ہوں یا نہیں یہ سوال مینجمنٹ سے پوچھیں، بابراعظم

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ دورہ سری لنکا ورلڈکپ تیاری کیلئے ہمارے پاس بہترین موقع ہے، کوشش کریں گے کہ سیریز میں فتح حاصل کرتے ہوئے اپنی خامیوں کو دور کریں۔
کراچی میں دورہ سری لنکا سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابراعظم نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی میں تبدیلی ہوئی ہے لیکن بطور پلئیر اپنی کارکرردگی پر فوکس کررہے ہیں، گزشتہ دورہ سری لنکا کے دوران کافی مشکل چینلجز تھے، بحیثیت ٹیم اور کپتان کوشش یہ ہی ہوتی ہے کہ میچ جیتیں، ہر ٹیم اپنے پلان کے مطابق گیم کھیلتی ہے۔ 

نائب کپتان کو پلئینگ الیون میں شامل کرنے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ضروری نہیں کہ نائب کپتان ٹیم کا حصہ ہو، اگر کارکردگی اچھی نہ ہو تو کیسے ٹیم کا حصہ بن سکتا ہے۔
سرفراز احمد سے متعلق سوال پر کپتان بابراعظم نے کہا کہ سابق کپتان نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں شاندار کم بیک کیا ہے، مگر سیفی بھائی کی ٹیم میں بطوربیٹر جگہ نہیں بنتی۔ 
بابراعظم نے ورلڈکپ میں افغانستان کے خلاف میچ کے وینیو کو تبدیل کرنے سے متعلق سوال پر کہا کہ چنئی میں افغانستان سے کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں، کسی سے ڈر یا خوف نہیں لیکن کوئی بھی حریف مشکل ہوسکتا ہے، ہم میگا ایونٹ میں صرف بھارت سے کھیلنے نہیں جارہے، ایونٹ میں دیگر 9 ٹیمیں بھی شریک ہیں انہیں شکست دیں گے تو ہی فائنل میں پہنچیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ بورڈ میں تبدیلیوں سے پریشان نہیں ہوتا کیونکہ ہمارا کام کرکٹ کھیلنا ہے، مینجمنٹ کیمٹی میں کیا ہورہا ہے اس کا مجھے معلوم نہیں۔
سری لنکا میں گزشتہ سال ٹیسٹ چیمپئین شپ میں شکست کے سوال پر بابراعظم نے کہا کہ ٹیسٹ سیریزمیں مشکلات آئی ہیں لیکن ماضی میں کرکٹ اچھی نہیں کھیلی اس لیے میچ گنوائے، بطور کپتان اپنا بہترین دینے کی کوشش کرتا ہوں تاہم کپتان اچھا ہوں یا نہیں یہ سوال مینجمنٹ سے پوچھیں تو زیادہ بہتر ہے۔