ہمارےدورکی ٹیم بھارت سےکہیں زیادہ اچھی تھی،وہ ہمیشہ ہارتے تھے،عبدالرزاق

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹرعبدالرزاق نے اس سال کے آخر میں بھارت میں ہونے والے دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ ون ڈے ورلڈ کپ 2023 سے قبل اپنے جرات مندانہ دعووں سے ایک نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔ عبدالرزاق نے پاکستان اور بھارت کی کرکٹ کی دنیا میں دشمنی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے حالیہ برسوں میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے محدود میچوں پر روشنی ڈالی۔
تاہم، سابق آل راؤنڈر نے تیزی سے کھیل کی بدلتی ہوئی صورتحال کو تسلیم کیا اورنئے نقطہ نظر کو اپنانے اور تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ "ہم باہمی احترام اور دوستی کا اشتراک کرتے ہیں، صرف بھارتی ٹیم ہے جو پاکستان کے خلاف نہیں کھیلتی۔ 98-1997ء سے انہوں نے ہمارے خلاف زیادہ نہیں کھیلا کیونکہ ہماری ٹیم ان سے بہت زیادہ بہتر تھی اور پاک بھارت مقابلے میں ہمیشہ بھارت ہارتا تھا"۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب حالات بدل چکے ہیں، ہم 2023ء میں ہیں لیکن ہمیں اپنی سوچ کو بدلنا ہوگا، کوئی ٹیم بڑی یا چھوٹی نہیں ہوتی، ہر دن کی کارکردگی اہمیت رکھتی ہے۔ احمد آباد میں اتوار 15 اکتوبر کو بھارت اور پاکستان کے درمیان متوقع ٹاکرا ہونے کا امکان ہے۔ گروپ مرحلے کا آخری میچ 12 نومبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کولکتہ میں ہوگا۔ واضح رہے کہ 2019ء کے ورلڈ کپ میں بھارت نے مانچسٹر میں پاکستانی ٹیم کو بھاری ماجن سے شکست دی تھی۔