پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان تاخیر کا شکار ہوگیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز اتوار کے روز پاک نیوزی لینڈٖ سیریز کے لیے قومی کھلاڑیوں کے ناموں پر غور کریں گے۔اس سے قبل پاک نیوزی لینڈ سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان 5 اپریل کو شیڈول تھا تاہم اب اسکواڈ کا اعلان ملتوی کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سلیکٹرز ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں پر مشاورت کیلئے اتوار کو میٹنگ کریں گے، بعدازاں کیویز کیخلاف قومی ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان 8 اپریل یا اس کے بعد کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان راوں ہفتے ہونا تھا تاہم اب اس میں تاخیر ہوگئی ہے۔
سلیکٹرز پہلے ہی کاکول میں کپتان بابراعظم کے ساتھ سیریز کے امکانات پر بات چیت کے بعد لاہور واپس آچکے ہیں جہاں قومی اسکواڈ فوج کی زیر نگرانی فٹنس کیمپ میں شریک تھا۔
پانچ میچز کی سیریز کیلئے زیر غور کھلاڑیوں میں کپتان بابراعظم، صائم ایوب، محمد رضوان، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا، افتخار احمد، اعظم خان، شاداب خان، اسامہ میر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، عماد وسیم، محمد عامر، زمان خان، عثمان خان، وسیم جونیئر، عرفان نیازی اور عباس آفریدی شامل ہیں جبکہ فخر زمان کے ہاتھ کی انجری کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
حال ہی میں ختم ہونے والی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے دوران کندھے کی انجری کا شکار ہونے والے فاسٹ بولر حارث رؤف مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں اور اگلے چند ہفتبحالی کا عمل جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب یہ بھی اطلاعات ہیں کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں آرام کروایا جاسکتا ہے۔