بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کے خلاف اہم معرکے سے قبل بڑا دھچکا لگنے کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ورلڈکپ کے اہم مقابلے میں آسٹریلیا کے خلاف میچ سے قبل ڈینگی کا شکار ہونے والے بھارتی اوپنر شبھمن گِل کی میگا ایونٹ میں شرکت سے متعلق مستقبل کا فیصلہ آج ہونے کی توقع ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ ڈینگی بخار میں مبتلا شبھمن گل کو پلیٹلیٹس کم ہونے کے بعد احتیاطی طور پر چنئی کے اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا، جس کے بعد ان کی صحت میں بہتری آرہی ہے تاہم میڈیکل پینل مسلسل انکی نگرانی کررہا ہے۔
بھارتی میڈیا دعویٰ کررہا ہے کہ شبھمن گِل کی جگہ رتوراج گائیکواڑ کو اسکواڈ میں شامل کیا جاسکتا ہے کیونکہ ڈینگی سے مکمل صحتیابی حاصل کرنے کے لئے کم ازکم 3 ہفتے درکار ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ شبھمن گل نے ڈینگی بخار کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف میچ نہیں کھیلا تھا اور وہ افغانستان کے خلاف میچ سے بھی باہر ہوچکے ہیں۔ پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے درمیان ورلڈکپ کا اہم ٹاکرا 14 اکتوبر کو احمد آباد میں شیڈول ہے۔