ورلڈکپ کے بعد فاسٹ بولر نسیم شاہ آسٹریلیا ٹور سے بھی باہر  

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ انجری کے باعث ورلڈکپ 2023 سے باہر رہنے کے بعد دورہ آسٹریلیا میں بھی ٹیم کو ستیاب نہیں ہوں گے۔ 
ذرائع کے مطابق کندھے کی انجری کے بعد وہ تیزی سے روبصحت ضرور ہیں تاہم ابھی تک انہوں نے بولنگ شروع نہیں کی، نسیم شاہ کو چھ ہفتوں کا آرام تجویز کیا گیا تھا جس کی تکمیل کے بعد انہوں نے ہلکی پھلکی مشقوں کا آغاز کردیا ہے تاہم بولنگ شروع کرنے میں ابھی مزید وقت لگے گا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز تک ان کے سو فیصد فٹ ہونے کے امکانات ہیں۔ بائیس سالہ نسیم شاہ ایشیا کپ کے دوران انجرڈ ہوئے تھے، ورلڈکپ میں ان کی عدم موجودگی کو پاکستان ٹیم کے لیے بڑا نقصان قراردیا گیا تھا۔
 
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز چودہ دسمبر سے ہونا ہے جس میں پاکستانی ٹیم شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، وسیم جونیئر اور حسن علی جیسے فاسٹ بولرز پر انحصار کرے گی۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے ٹاپ وکٹ ٹیکر فاسٹ بولر خرم شہزاد کو بھی آسٹریلیا کے لیے آزمایا جاسکتا ہے۔ 
خرم شہزاد نے آٹھ میچوں میں چھتیس کھلاڑیوں کو شکار کیا ہے جس میں ایک بار لی گئی پانچ وکٹیں بھی شامل ہیں۔ قائداعظم ٹرافی کے سات میچوں میں آٹھ سو سینتالیس رنزبناکر ٹاپ کرنے والے صاحبزادہ فرحان کو بھی آسٹریلیا کا ٹکٹ ملے گا۔ 
قومی ٹیم کے 
سابق کپتان سرفراز احمد بھی ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل ہوں گے۔ دوسری طرف قومی کرکٹرز کی اکثریت پاکستان میں تربیتی کیمپ لگانے کے حق میں نہیں۔ ان کا موقف ہے کہ آسٹریلیا روانگی دو دسمبر کے بجائے انتیس یا تیس نومبر کو رکھ کر وہاں کیمپ لگانا زیادہ مفید ہوگا۔