ویسٹ انڈیز اور یو اے ای کے کرکٹ بورڈز نے ورلڈکپ کوالیفائر سے قبل ٹیم کی تیاریوں کے سلسلے میں آئندہ ماہ شارجہ میں 3 میچوں کی ون ڈے سیریز کھیلے کا اعلان کیا ہے، تینوں ون ڈے میچز 5، 7 اور 9 جون کو شارجہ کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔
سیریز کے اختتام کے ساتھ دونوں ٹیمیں کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے زمبابوے روانہ ہوجائیں گی جو 18 جون سے 9 جولائی تک کھیلا جائے گا۔
مجموعی طور پر 10 ٹیمیں ورلڈکپ 2023 میں شرکت کیلئے ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گی تاہم 2 ٹیمیں میگا ایونٹ تک کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوں گی۔
کوالیفائنگ راؤنڈ میں سابق چیمپئن ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کی ٹیمیں بھی حصہ لیں گی۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ میں شرکت کیلئے ٹاپ 8 ٹیمیں براہ راست کوالیفائی کرتی ہیں، جس میں موجودہ چیمپئن انگلینڈ، بھارت، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ، پاکستان اور افغانستان پہلے ہی اپنی جگہ بُک کرچکے ہیں۔