ورلڈکپ سیمی فائنل: ٹکٹس بلیک میں فروخت، قیمت ڈھائی لاکھ تک پہنچ گئی

بھارت میں جاری دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان شیڈول پہلے سیمی فائنل سے قبل ٹکٹس کی بلیک میں فروخت کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیاگیا۔ 
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں 15 نومبر کو (بدھ کے روز) کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل سے قبل پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے سیمی فائنل کے ٹکٹس کی بلیک میں فروخت کرنے والے آکاش کوٹھاری نامی شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔  
ممبئی پولیس نے کوٹھاری ملاڈ میں واقع ملزم کی رہائشگاہ سے اسے گرفتار کیا، ملزم مختلف واٹس ایپ گروپس میں ٹکٹس 25 ہزار سے 2.5 لاکھ روپے تک بلیک میں فروخت کررہا تھا، جو ٹکٹ کی اصل قیمت سے 4 سے 5 گنا زیادہ قیمت ہے، تاہم حیرت انگیز طور پر کرکٹ کے شائقین اس سے ٹکٹ خرید بھی رہے تھے۔ 
گرفتارملزم کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 420 اور 511 کے تحت دھوکہ دہی کے الزامات درج کیے گئے ہیں۔ 
دوسری جانب پولیس نے ٹکٹس بلیک میں فروخت کرنے والے دیگر افراد کیخلاف بھی کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کی بلیک میں ملوث مزید افراد کو بھی جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ 
واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے پہلے سیمی فائنل میں (15 نومبر کو) بھارت کو نیوزی لینڈ کا چیلنج درپیش ہوگا جبکہ دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔