انگلینڈ کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ورلڈکپ کی سب سے بڑی شکست

آئی سی سی ورلڈ کپ کے 20 ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو 229 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔ 
ممبئی کے وانکھڈے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 399 رنز بنائے تھے اور انگلینڈ کو جیت کیلئے 400 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا تھا۔ 
جنوبی افریقہ کے سامنے انگلینڈ کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 22 اوورز میں 170 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ دسویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنے والے فاسٹ بولر مارک ووڈ 43 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ 

انگلینڈ کی اننگز: 
400 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی بیٹنگ ابتدا سے ہی لڑکھڑا گئی اور یکے بعد دیگر اس کی وکٹیں گرتی رہیں۔ مارک ووڈ کے سوا کوئی بھی کھلاڑی جنوبی افریقی بولرز کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا۔ اوپنرز جونی برسٹو 10، ڈیوڈ میلان 6، جو روٹ 2 اور بین اسٹوکس 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ہیری بروک 17، جوز بٹلر 15، ڈیلوڈ ویلے 12، عادل رشید 10 اور گس آٹکنسن 35 رنز ہی بناسکے۔ مارک ووڈ 43 رنز بناکر ٹاپ اسکورر اور ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ریس ٹوپلی انجری کی وجہ سے بیٹنگ کیلئے نہیں آسکے۔

جنوبی افریقا کی طرف سے جیرالڈ کوئیٹزی نے 3، لونگی نگڈی اور مارکو جانسن نے 2، 2 جبکہ کاگیسو ربادا اور کیشو مہاراج نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقا کی اننگز:

جنوبی افریقا کے اوپنر کوئنٹن ڈی کوک بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے، وہ محض 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ راسی وین ڈیر ڈوسن اور ریزا ہینڈرکس نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 121 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم راسی 60 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ریزا ہینڈرکس نے 85 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان ایڈن مارکرم نے 42، ڈیوڈ ملر 5 رنز بناکر آؤٹ  ہوئے، کلاسین نے 109 رنز کی اننگ کھیلی جب کہ مارکو جانسین نے 75 رنز بنائے۔ 
انگلینڈ کی جانب سے ریس ٹوپلی نے 3 جبکہ عادل رشید نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ 
قبل ازیں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، انہوں نے کہا پچ ابتداء میں بالرز کیلئے سازگار لگ رہی ہے کوشش ہوگی جلد وکٹیں لیکر جنوبی افریقا پر پریشر بڑھائیں۔ 
جوز بٹلر نے کہا کہ ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں، بین اسٹوکس، ڈیوڈ ولی اور اٹکنسن پلئینگ الیون کا حصہ ہیں جبکہ کرس ووکس اور سیم کرن کو ڈراپ کیا گیا ہے۔ 
دوسری جانب جنوبی افریقی کپتان ٹمبا بوؤما وائرل بخار کے باعث میچ سے دستبردار ہوگئے، اور ان کی جگہ ایڈن مارکرم نے قیادت کے فرائض سرانجام دیئے۔ 
جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرم کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا ہی فیصلہ کرتے تاہم کوشش ہوگی کہ انگلش ٹیم کو بڑا ہدف دیکر مخالف سائیڈ کو پریشر میں لائیں، انہوں نے کہا کہ ٹمبا بوؤما کی جگہ ریزا ہینڈرکس کو موقع دیا گیا ہے۔

انگلینڈ کا اسکواڈ: 
کپتان جوز بٹلر، جونی بیرسٹو، ڈیوڈ ملان، جو روٹ، ہیری بروک، اٹکنسن، بین اسٹوکس، مارک ووڈ، ڈیوڈ ولی، عادل رشید اور ریس ٹوپلی شامل ہیں۔ 
جنوبی افریقا کا اسکوڈ: 

کپتان ایڈن مارکرم، ریزا ہینڈرکس، کوئنٹن ڈی کوک، راسی وین ڈیر ڈوسن، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جانسن، کاگیسو ربادا، کیشو مہاراج، جیرالڈ کوٹزی اور لونگی نگیڈی پر مشتمل ہے۔