پاکستان کی معروف اسپورٹس پریزینٹر زینب عباس جنوبی افریقہ کی ایس اے 20 لیگ میں بائونڈری کے قریب کھڑی ہو کر میچ پر تبصرہ کررہی تھیں کہ اس دوران چوکا روکنے کی کوشش میں بھاگتا ہوا ایک فیلڈر سیدھا ان سے جا ٹکرایا جس کے باعث وہ زمین پر گر پڑیں۔
زینب عباس دنیا کی مقبول ترین کمنٹریٹر ہیں جن کی شخصیت سے ناصرف ملکی بلکہ غیر ملکی افراد بھی متاثر ہیں، حال ہی میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بطور پریزینٹر مداحوں کا دل جیتنے والی زینب ان دنوں جنوبی افریقہ میں موجود ہیں۔
سپر اسپورٹس کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بلے باز نے جیسے ہی شاٹ کھیلا تو گیند تیزی سے باؤنڈری لائن کی جانب بڑھنے لگی، باؤنڈری پر کھڑی ایونٹ کور کرتی زینب عباس نے کہا کہ تیزرفتارگیند سیدھی ہماری جانب آرہی ہے۔
یہ الفاظ ابھی ان کے منہ میں ہی تھے کہ چوکا روکنے کے لیے بھاگتا ہوا فیلڈر اچانک ان سے آ ٹکرایا جس کے باعث وہ زمین پر گر پڑیں۔
گرنے کے فوراً بعد اٹھتے ہوئے زینب سے ساتھی پریزینٹر نے خیریت دریافت کی تاہم انہوں نے سنبھل کر مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں۔
بعدازاں زینب نے سپر اسپورٹس کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں کسی قسم کی چوٹ سے تو بچ گئی ہوں لیکن میں ہی جانتی ہوں کہ یہ کیسا احساس ہوتا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے زینب عباس کی اسپورٹس مین اسپرٹ کی خوب تعریف کی جارہی ہے۔