featured
English

اسٹیڈیم کے اندر ہی بہترین ہوٹل

پی سی بی نے کھلاڑیوں سے میڈیا کو بیحد دورکردیا جس کی وجہ سے وہاں رہنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے

اسٹیڈیم کے اندر ہی بہترین ہوٹل فوٹو: فائل

ہلٹن ہوٹل کا تیسرا فلور، آئی سی سی کی ای میل میں ساؤتھمپٹن کرکٹ گراؤنڈ کے میڈیا سینٹر کی لوکیشن پڑھ کر مجھے تھوڑی حیرت ہوئی، خیر صبح صبح بذریعہ ٹرین میں جب ساؤتھمپٹن پہنچا تو وہاں اسٹیشن پر شائقین کا جم غفیر موجود تھا، اس دلچسپی کی وجہ میزبان ٹیم انگلینڈ کا میچ ہونا تھی، ٹرین سے اترنے والوں کویونیفارم میں ملبوس بزرگ رضاکارباہر موجود مفت شٹل بس کا بتاتے، میں نے دیکھا کہ بہت لمبی لائن میں انتہائی ڈسپلن کے ساتھ ہزاروں افراد موجود ہیں جو باری باری بسوں میں سوار ہوتے رہتے، مجھے چونکہ تاخیر ہورہی تھی اس لیے اوبر ٹیکسی منگوالی، یہ اور بات ہے کہ اس کے آنے میں بھی 17 منٹ لگ گئے، جیسے کے پہلے ہی بتایا کہ اسٹیڈیم کے اندر ہی فائیو اسٹار ہوٹل واقع ہے۔

لہذا میں اسی کی پارکنگ میں اترا، وہاں بالکل بھی رش نہیں تھا، اندر بیگ کی تلاشی ہوئی،کارڈ چیک کیا گیا، پھر میں لفٹ میں سوار ہوکرتیسرے فلور پر آگیا جہاں بہترین ساؤنڈ پروف میڈیا سینٹر موجود تھا، ہزاروں شائقین کے تالیاں بجانے کی آواز بھی بالکل ہلکی سی آتی، نشستیں بھی کشادہ تھیں،کھانے کی ٹیبل پر ’’سب کچھ حلال ہے‘‘ کا بورڈ نظرآیا تو آئی سی سی کو داد دی، آپ یہ سوچ رہے ہوں گے کہ میں مانچسٹر میں پاکستانی ٹیم کے قریب رہنے کے بجائے ساؤتھمپٹن کیوں آ گیا تواس کی وجہ بہت سادہ ہے، پی سی بی نے کھلاڑیوں سے میڈیا کو بیحد دورکردیا جس کی وجہ سے وہاں رہنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے، میں نے خود سے یہ عہد کیا ہوا ہے کہ پاک بھارت میچ سے قبل ’’مثبت رپورٹنگ‘‘ ہی کروں گا، لہذا اس حوالے سے بعد میں بات ہوگی، خیر مانچسٹر کی خبروں پر بھی میں نظر رکھے رہا، لوگ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا میں علیحدگی کی باتیں کر رہے تھے مگر وہ اپنے شوہر کے ساتھ ہی ہوٹل میں مقیم ہیں۔

بیٹے کی آیا بھی ساتھ آئی ہے، بڑے لوگوں کی بڑی باتیں،آصف علی اور حارث سہیل کی فیملیز تو پہلے ہی ساتھ تھیں، حارث کے ساتھ جب سے نیوزی لینڈ میں واقعہ پیش آیا وہ ہوٹل روم میں اکیلے قیام پر اطمینان محسوس نہیں کرتے، اب واپس انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز  کے میچ کی جانب آتے ہیں، مقابلہ تو یکطرفہ ہوا لیکن اسی بہانے مجھے ہیمپشائر باؤل اسٹیڈیم دیکھنے کا موقع مل گیا، پاکستان میں اکثرٹیمیں سیکیورٹی خدشات کے سبب آنے سے گھبراتی ہیں، اگر ہم بھی اسٹیڈیم کے اندر ہی ہوٹل بنا دیں تو بڑا مسئلہ حل ہو جائے گا۔