English

چچا کے چیف سلیکٹر ہونے کی چھاپ اتارنا بہت مشکل ہے، امام الحق

میری ون ڈے میں اوسط63 ہے لیکن 2،3 اننگز میں اچھا کھیل پیش نہ کر سکا تو شور اٹھا کہ اس کو ٹیم سے نکال دو، اوپنر

PHOTO: AFP

اوپنر امام الحق کا کہنا ہے کہ چچا انضمام الحق کے چیف سلیکٹر ہونے کی چھاپ اتارنا بہت مشکل ہے۔

’’کرکٹ پاکستان‘‘کو خصوصی انٹرویو میں اوپنر امام الحق نے کہا کہ میں نیوزی لینڈ کیخلاف زیادہ رنز نہیں بنا سکا، جنوبی افریقہ کیخلاف مشکل سیریز میں ٹیسٹ سنچری بنانے کا خواب پورا کرنے کی کوشش کروں گا، انھوں نے کہا کہ ٹی 20ٹیم میں فخر اور بابر اعظم اچھا کھیل رہے ہیں، میرے انتخاب کا انحصار سلیکٹرز اور ٹیم کی ضرورت پر ہے۔

ایک سوال پر امام الحق نے کہا کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کا بھتیجا ہونے کی چھاپ اتارنا مشکل بلکہ ناممکن ہے۔ میری ون ڈے میں اوسط63 ہے لیکن 2،3 اننگز میں اچھا کھیل پیش نہ کر سکا تو شور اٹھا کہ اس کو ٹیم سے نکال دو، اگر چچا اپنے عہدے سے ہٹ جائیں جومجھ سے زیادہ شاید ہی کوئی خوش ہو۔

نظر کا چشمہ لگانے سے مشکل کے سوال پر امام الحق نے کہا کہ نمی اور مصنوعی روشنی میں مسائل تو ہوتے ہیں لیکن اب عادی ہو چکا ہوں، لینسز لگانے کا تجربہ کامیاب نہیں رہا تھا۔