لاہور: شعیب ملک کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ 2019 میرے ون ڈے کیریئر کا آخری ایونٹ ہوگا اور خواہش ہے کہ پاکستان ٹیم اس میں کامیاب ہو۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ 2019 میرے ون ڈے کیریئر کا آخری ایونٹ ہوگا، ورلڈ کپ تک ون ڈے کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں، کیریئر کا آخری ورلڈ کپ جیتنا خواہش ہے، میگا ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ سے جلد ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر افسوس نہیں، ٹیسٹ ٹیم کو ابھی مزید وقت دینا ہوگا، اگلے ایک دو سال میں بہتری ہو سکتی ہے، نئے لڑکے مستقل پرفارم کررہے ہیں۔
سابق کپتان نے کہا کہ سینئر اگر جونیئر کو نہیں سکھاتا تو اسے ٹیم میں نہیں ہونا چاہیے کیونکہ سینئرز کی سپورٹ کے بغیر جونیئرز پرفارم نہیں کر سکتے، کھلاڑیوں میں کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فٹبال ورلڈ کپ میں برازیل کو سپورٹ کر رہا ہوں، انجری ٹائم میں ان کے گول پر بہت خوشی ہوئی، اگر گول نہ ہوتا تو میں ڈپریشن کا شکار ہو جاتا۔
دورہ زمبابوے کیلیے منتخب قومی کرکٹرز نے یو یو ٹیسٹ پاس کر لیا۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں تربیتی کیمپ کا آغاز ہو گیا، منتخب پلیئرز کے فٹنس ٹیسٹ لیے گئے، ذرائع کے مطابق دورہ زمبابوے کیلیے منتخب تمام کرکٹرز نے فٹنس کیلیے یو یو ٹیسٹ کے مقررہ کردہ معیار 17.4 پوائنٹس پر پورے اترے۔ ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، محمد حفیظ، صاحبزادہ فرحان، حارث سہیل، شعیب ملک، آصف علی، حسین طلعت، محمد عامر، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد نواز، حسن علی، عثمان خان شنواری اور شاہین شاہ آفریدی جبکہ ون ڈے سیریز کیلیے پلیئرز میں امام الحق، بابر اعظم، جنید خان اور یاسر شاہ شامل ہیں۔ دوسرے فیز میں کھلاڑی ساڑے 4سے ساڑھے 6 بجے تک قذافی سٹیڈیم میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کریں گے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا، پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ہونے والی ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز یکم جولائی سے 8 جولائی تک کھیلی جائے گی جس کے بعد قومی ٹیم 13جولائی سے زمبابوے کے خلاف 5 ون ڈے میچز کی سیریز کھیلے گی۔