پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کیلیے ابھی سے جوڑ توڑ شروع ہوگیا، ملتان سلطانز کے ہی بعض لوگ کم قیمت پر فیصل آباد کے نام سے ٹیم خریدنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
کرکٹ حلقے ملتان سلطانزکی پی ایس ایل سے رخصتی اور بھاری خسارے پر بھی پی سی بی کی جانب سے’’ نیک تمناؤں‘‘کے اظہارکو حیرت کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سابقہ فرنچائز کے ہی بعض افراد اب آئندہ برس نئی ٹیم خریدنے پر نگاہیں مرکوز کیے بیٹھے ہیں، ملتان سلطانز کو52 لاکھ ڈالر سالانہ کے عوض فروخت کیا گیا تھا،نئی ٹیم کے اس سے کافی کم قیمت پر فروخت ہونے کا امکان ہے، فیصل آباد کے نام سے فرنچائز خریدنے کی تیاری جاری اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں ملتان سلطانز کے ہی بعض لوگ شامل ہوں گے۔
دوسری جانب ذرائع نے مزید بتایا کہ پی ایس ایل فور میں معاملات چلانے کیلیے پی سی بی ملتان سلطانز کے ہی بعض آفیشلز کی خدمات حاصل کرنے پر غور کر رہا ہے، کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے تمام سابقہ معاہدے برقرار رکھے گئے ہیں۔
دریں اثنا بینک گارنٹی جمع نہ کرانے والی ایک اور فرنچائز کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ اس نے بورڈ کو اپنی فیس کی آدھی رقم دے دی، ساتھ ہی یہ وعدہ بھی کیا کہ مقررہ تاریخ میں مکمل ادائیگی کر دی جائے گی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن 14 فروری سے شروع ہوگا، معاہدہ منسوخ ہونے کے بعد ملتان سلطانز انتظامیہ کی جگہ پی سی بی ٹیم میدان میں اتارے گا۔
پی سی بی تاحال ملتان سلطانز کی وجہ سے ہونے والے نقصان کا اندازہ نہیں لگا سکا،چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کا کہنا ہے کہ معاہدے کا منسوخ ہونا افسوس کی بات ہے، رواں ماہ کے اختتام تک نقصان کے بارے میں معلوم ہوجائیگا۔
لاہور میں انڈر 16 ٹورنامنٹ فائنل کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل فور کا فائنل کراچی میں ہوگا، ملک میں میچز صرف شہرقائد اور لاہور میں ہی شیڈول کیے جائیں گے، اس بار راولپنڈی کو میزبانی نہیں دی جا رہی۔