مانچسٹر میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان کے 326 رنز کے جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 219 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اس طرح پاکستان کو 107 قیمتی رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
پاکستان کے خلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں واقع اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا جارہا ہے۔ انگلینڈ نے تیسرے روز 4 وکٹ پر 92 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔ اولے پوپ اور جوز بٹلر ایک مشکل وقت پر کریز پر آئے تو اولے پوپ نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی تاہم نسیم شاہ نے ان کی مزاحمت کو 62 رنز پر ختم کردیا۔
اولے پوپ کے پویلین واپس جانے کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین جوز بٹلر نے پاکستانی بولروں کو خوب پریشان کیے رکھا تاہم یاسر شاہ نے 38 رنز پر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا جس کے بعد ڈومینک بیس میدان میں آئے اور صرف ایک رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ اس کے بعد اوپر تلے وکٹیں کمزور پتوں کی طرح گرتی رہیں۔
پاکستان کy سب سے کامیاب بولر یاسر شاہ رہے جنہوں 4 کھلاڑیوں کو پوiلین کی راہ دکھائی، اس کے علاوہ شاداب اور عباس نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ انگلینڈ کی جانب سے اولی پاپ 62 زنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے بٹلر 38 اور اسٹورٹ براڈ نے بھی 28 رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کی تاہم بعد میں آنے والے بلے بازوں نے ان کا ساتھ دیا اور یوں پوری ٹیم 219 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
اس سے قبل پاکستان شان مسعود کی ریکارڈ ساز اننگز کی بدولت پہلی اننگز میں 326 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔ شان مسعود 156 اور بابراعظم 69 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ اور جوفرا آرچر نے 3،3 جب کہ کرس ووکس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
دوسرے روز کے اختتام پر پاکستانی بولروں نے شاندار آغاز کرتے ہوئے انگلش بلے بازوں کی ایک نہ چلنے دی اور 92 رنز پر ان کے 4 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیج دیا۔ ڈوم سبلی 8، رورئے برنس 4، بین اسٹوک صفر جب کہ کپتان جوئے روٹ 14 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
پاکستانی ٹیم اظہرعلی کی قیادت میں عابد علی، شان مسعود، بابراعظم، اسد شفیق، محمد رضوان، شاداب خان، یاسر شاہ، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ پر مشتمل ہے۔
انگلش ٹیم کی قیادت جوئے روٹ کر رہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈوم سبلی، رورئے برنس، بین اسٹوک، اولے پوپ، جوز بٹلر، ڈومینک بیس، اسٹورٹ براڈ، کرس ووکس، جوفرا آرچر اور جیمز اینڈرسن شامل ہیں۔