news
English

مانچسٹر ٹیسٹ کا پہلا روز ختم؛ پاکستان کے دو وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز

قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی صفر اور عابد علی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے

مانچسٹر ٹیسٹ کا پہلا روز ختم؛ پاکستان کے دو وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز فوٹو: پی سی بی

اولڈ ٹریفورڈ: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان مانچسٹر میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کا پہلا روز مکمل ہوگیا، پاکستان نے دو وکٹ کے نقصان پر 139 رنز اسکور کیے۔

انگلینڈ نے کورونا وائرس کے سائے میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے پہلے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلی اور اب پاکستان کے خلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں واقع اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا جارہا ہے جس میں پہلے روز کا کھیل ختم ہوگیا اور پہلے روز بارش کے باعث صرف 49 اوورز کا کھیل ہوسکا۔

قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ شان مسعود اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا، عابد علی صرف 16 رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے، انہیں جوفرا آرچر نے کلین بولڈ کیا جس کے بعد کپتان اظہر علی بیٹنگ کے لیے آئے، کرس ووکس نے انہیں کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس بھیج دیا۔

پاکستانی کھلاڑیوں میں بابر اعظم 69 اور شان مسعود 46 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستانی ٹیم اظہرعلی کی قیادت میں عابد علی، شان مسعود، بابراعظم، اسد شفیق، محمد رضوان، شاداب خان، یاسر شاہ، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ پر مشتمل ہے۔

انگلش ٹیم کی قیادت جوئے روٹ کررہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈوم سبلی، رورئے برنس، بین اسٹوک، اولے پوپ، جوز بٹلر، ڈومینک بیس، اسٹورٹ براڈ، کرس ووکس، جوفرا آرچر اور جیمز اینڈرسن شامل ہیں۔