محمدرضوان ٹیم آف ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ6 کے کپتان نامزد

محمدرضوان ٹیم آف ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ6 کے کپتان نامزد

ٹیم آف ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ6 کے لیے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کو کپتان نامزد کیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم آف ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کا اعلان کر دیاہے، اعلان کردہ ٹیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے تین، تین جب کہ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے دو،دو اور کراچی کنگز کا ایک کھلاڑی شامل ہے۔

ٹیم آف ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کا انتخاب ممتاز سابق کھلاڑیوں اور موجودہ کمنٹیٹرز پر مشتمل پینل نے کیا ہے، اس پینل میں ڈیوڈ گاؤر، پومی ایمبنگوا، رمیز راجہ اور ثنا میر شامل ہیں۔ پینل کی  سربراہی ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اور ٹیکنکل کمیٹی  کے چیئرمین ندیم  خان نے کی۔

محمد رضوان نے ٹورنامنٹ کے 12 میچز میں  500 رنز بنائے۔ اس دوران انہوں نے چارنصف سنچریاں بنائیں۔ وکٹ کیپر بیٹسمین نے ایونٹ کے دوران 45.45کی اوسط اور 127.87کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنائے۔ وکٹوں کے پیچھے 20شکار کرنے پر محمد رضوان کو ٹورنامنٹ کا بہترین وکٹ کیپر بھی قرار دیا گیا ہے۔

محمدرضوان اب تک مجموعی طور پر اعلان کردہ ٹیم آف ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے تیسرے کپتان نامزد ہوئے ہیں۔ اس سے قبل2019 میں سرفراز احمد اور 2020 میں شاداب خان کو ٹیم آف ایچ بی ایل پی ایس ایل کا کپتان نامرد کیا گیا تھا۔

ٹیم آف ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 میں منتخب کردہ 11 کھلاڑیوں کو  ایونٹ میں ان کی عمدہ کارکردگی کی بدولت شامل کیا گیا ہے۔آصف علی، بابر اعظم، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض دوسری مرتبہ ٹیم آف ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا حصہ بنے ہیں۔ ٹیم آف ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دو اوپنرز پاکستان کے کپتان بابراعظم   اور افغانستان کے بیٹسمین حضرت اللہ زازئی نامزد ہوئے ہیں جس کے بعد کولن منرو، صہیب مقصود، محمد رضوان، اور آصف علی مڈل آرڈر بیٹنگ لائن اپ کا حصہ ہوں گے۔

باؤلنگ لائن اپ کی قیادت وہاب ریاض کریں گے یہاں انہیں حسن علی،  شاہین شاہ آفریدی،  شاہنواز دھانی اور افغانستان کے راشد خان کا ساتھ میسر ہوگا۔