قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس اپنے عہدوں سے دستبردار ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ کے چیئرمین پی سی بی کا عہدہ باقاعدہ سنبھالنے سے پہلے ہی بڑی تبدیلیاں سامنے آئی ہیں اور قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ سابق فاسٹ بولر وقار یونس کوچنگ کے عہدوں سے دستبردار ہوگئے ہیں، مصباح الحق اور وقار یونس کو ستمبر 2019میں عہدے دیے گئے تھے، مصباح الحق کو پاکستان میں پہلی بار ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر بنایا گیا تھا، تاہم انہوں نے اکتوبر 2020 میں چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔
اپنے عہدے سے دستبرداری پر سابق ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ جمیکا میں قرنطینہ کے دوران 24 ماہ کا جائزہ لیا، یہ مناسب وقت نہیں لیکن چیلجز کے لئے ایسے فریم آف مائِںنڈ میں نہیں۔ قومی بولنگ کوچ وقار یونس کا کہنا تھا کہ مصباح الحق نے فیصلہ بتایا تو میں نے بھی الگ ہونے کا فیصلہ کر لیا، نوجوان بولرز کے ساتھ کام کرنے پر بہت مطمئن ہوں۔
دوسری جانب مصباح الحق اور وقار یونس کے اچانک عہدے چھوڑنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان عہدوں پر سابق ٹیسٹ کرکٹر دوسرا کے مؤجد اور مایہ ناز اسپن بولر ثقلین مشتاق اور سابق مایہ ناز آل راؤنڈر عبدالرزاق کو عارضی طور پر تعینات کردیا گیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا تھا کہ پی سی بی مصباح الحق کے فیصلے کی قدر کرتا ہے، وقار یونس نے بھی جرات مندانہ فیصلہ کیا۔