featured
English

شاندار سیکیورٹی انتظامات سے سری لنکن خدشات زائل

واضح رہے کہ سری لنکا کرکٹ بورڈ کے 2 آفیشلز روشین گوناتھلاکے اور کنشکا بھی ٹیم کے ہمراہ ہیں

شاندار سیکیورٹی انتظامات سے سری لنکن خدشات زائل تصویر: فائل

 شاندار سیکیورٹی انتظامات سے سری لنکن ٹیم کے تھوڑے بہت خدشات بھی زائل ہوگئے۔

سری لنکن کرکٹ ٹیم کراچی میں کئی دنوں سے ڈیرے ڈالے ہوئے اور اب جمعے سے باقاعدہ سیریز شروع کرنے والی ہے، وہ یہاں پر دی جانے والی سیکیورٹی سے مطمئن ہے، ٹیم منیجر اشانتھا ڈی میل نے ایک سری لنکن اخبار کو انٹرویو میں کہاکہ ہمیں یہاں پر کسی قسم کا کوئی خوف محسوس نہیں ہورہااور نہایت اطمینان سے موجود ہیں۔ اشانتھا ڈی میل اپنی ٹیم کے والہانہ استقبال پر بھی کافی خوش ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ دبئی سے روانگی کے وقت جہاز کے پائلٹ نے استقبال کیا اور پاکستان میں قیام کے حوالے سے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا، ڈی میل نے کہاکہ جب ہم کراچی پہنچے تو پی سی بی کے 2 ممبران نے ہمیں ایئرپورٹ پر خوش آمدید کہا، پلیئرز کو خصوصی بس کے ذریعے ہوٹل پہنچایا گیا۔

واضح رہے کہ سری لنکا کرکٹ بورڈ کے 2 آفیشلز روشین گوناتھلاکے اور کنشکا بھی ٹیم کے ہمراہ ہیں، ٹور سے قبل پاکستان میں سیکیورٹی کا جائزہ لینے والی ٹیم میں بھی روشین شامل تھے۔ سری لنکن ٹیم ہوٹل کی حفاظت 200 سے زائد سیکیورٹی اہلکار کررہے ہیں، جس وقت ٹیم سفر کرتی ہے تو راستے بند کردیے جاتے ہیں۔ اسی وجہ سے تمام کھلاڑی کافی خوش ہیں۔

ٹور کے دوران پاکستان کے وزیراعظم اور سابق کپتان عمران خان سے ملاقات کے امکان پر بات کرتے ہوئے اشانتھا ڈی میل نے کہا کہ وہ ان دنوں امریکا میں ہیں، اس لیے ان کے ساتھ سری لنکن ٹیم کی کوئی فوری میٹنگ شیڈول نہیں ہے۔ یہ بھی معلوم نہیں کہ سری لنکا کے پاکستان میں ہائی کمشنر اپنی ملکی ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ دیتے ہیں یا نہیں۔