news
English

سری لنکا سے ون ڈے میچز میں پاکستان کا پلڑا بھاری

چیمپئنز ٹرافی 2017میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر اگلے مرحلے رسائی حاصل کی تھی

سری لنکا سے ون ڈے میچز میں پاکستان کا پلڑا بھاری تصویر: فائل

سری لنکا سے باہمی ون ڈے مقابلوں میں پاکستان کا پلڑا بھاری رہا، 90میچز میں گرین شرٹس نے کامیابی حاصل کی جب کہ 58میں آئی لینڈرز سرخرو ہوئے۔

پاکستان اور سری لنکا کے مابین ابھی تک 153 ون ڈے میچز کھیلے گئے ہیں، ان میں سے گرین شرٹس نے 90میں کامیابی حاصل کی، 58میں آئی لینڈرز سرخرو ہوئے، ایک میچ ٹائی ہوا،4 بے نتیجہ رہے۔

چیمپئنز ٹرافی 2017میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر اگلے مرحلے رسائی حاصل کی تھی، رواں سال ورلڈکپ میں دونوں ٹیموں کا باہمی میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا،گرین شرٹس نے آئی لینڈرز کو آخری مرتبہ دبئی میں ہونے والی ون ڈے سیریز میں شکست دے تھی۔

پاکستان میں دونوں ٹیمیں28 میچز میں مدمقابل آئی ہیں، 16میں میزبان اور 12میں آئی لینڈرز نے میدان مارا، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دونوں ٹیموں کے درمیان 8میچز کھیلے گئے۔ ان میں سے 5میں پاکستان ٹیم کامیاب رہی اور 3میں سری لنکا نے فتح پائی،دونوں ٹیمیں 10سال بعد دوبارہ شہرقائد میں آمنے سامنے ہوں گی۔

دونوں ٹیمیں شہر قائد میں آخری بار جنوری 2009میں مقابل ہوئی تھیں،پہلے میچ میں گرین شرٹس نے 8وکٹ سے کامیابی حاصل کی،دوسرے میں آئی لینڈرز 129رنز سے سرخرو ہوئے۔

قذافی اسٹیڈیم میں منعقدہ تیسرے میچ میں میزبان ٹیم کو 234رنز کے بھاری مارجن سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا،سیریز بھی ہاتھ سے گئی، سری لنکا نے 5وکٹ پر305رنز بنائے، تلکارتنے دلشان کی سنچری اور سنگاکارا کی ففٹی شامل تھی، عمر گل نے 3وکٹیں حاصل کیں، جواب میں پاکستانی ٹیم 75رنز پر ڈھیر ہوگئی،عمرگل(27) اور شعیب ملک( 19) ڈبل فیگر میں داخل ہوسکے،نوان کولاسیکرا اور تھلان تشارا 3،3 جبکہ مرلی دھرن 2وکٹیں لے اڑے تھے۔