قاسم اکرم قومی انڈر19 کرکٹ ٹیم کے کپتان مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ دورہ بنگلہ دیش کے لیے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی قیادت ابھرتے ہوئے نوجوان آل راؤنڈر قاسم اکرم کریں گے۔

18 سالہ قاسم اکرم نے گزشتہ سال جنوبی افریقا میں کھیلے گئے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں 46.50 کی اوسط سے 93 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 3 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔

ایونٹ سے واپسی پرنوجوان بیٹنگ آل راؤنڈرکوعمدہ صلاحیتوں کی بدولت سینٹرل پنجاب میں شامل کیا گیا، جہاں انہوں نے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں 8 فرسٹ کلاس، 12 لسٹ اے اور10 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے۔ وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 میں کراچی کنگز کے اسکواڈ کا بھی حصہ رہے۔

انہوں نے پاکستان کپ کے 12 میچوں میں ایک سنچری اورتین نصف سنچریوں کی بدولت 57.75 کی اوسط سے 462 رنزبنانے کے ساتھ ساتھ 4 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ نوجوان آل راؤنڈرنے قائداعظم ٹرافی کی 14 اننگز میں تین نصف سنچریوں کی مدد سے 35.36 کی اوسط سے 389 رنز اسکور کیے، اس ایونٹ میں انہوں نے 13 وکٹیں حاصل کیں، جس میں ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنا بھی شامل ہے۔

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں قاسم اکرم نے 6 میچوں میں 72 رنز بنائے اور 3 وکٹیں حاصل کیں۔

قاسم اکرم، کپتان قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم:

قاسم اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے ایک اعزاز ہے، اعتماد کا اظہار کرنے پر وہ ٹیم منیجمنٹ کے مشکور ہیں، گزشتہ ایک سال سے کارکردگی میں بتدریج بہتری آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کے دوران انہوں نے بہت کچھ سیکھا ہے، جس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

قاسم اکرم نے کہا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو ٹیم کی قیادت میں بروئے کار لانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے تاکہ آئندہ سال ویسٹ انڈیز میں شیڈول آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کی تیاریوں میں مدد مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ دورہ بنگلہ دیش قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے لیے ایک مفید تجربہ ثابت ہوگا۔

دوسری طرف دورے کے لیے حتمی 17 رکنی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔ فاسٹ باؤلر عاصم علی، اسپنر ارحم نواب اور بیٹسمین رضوان محمود حتمی اسکواڈ میں جگہ نہیں بناسکے تاہم یہ تینوں کرکٹرز اسکواڈ کی 17 اپریل کو بنگلہ دیش روانگی سے قبل تک تربیتی کیمپ کا حصہ رہیں گے۔