فاتح الیون نے 18 اوورز تک محدود مقابلے میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے۔
کینیڈا نے پہلی بار مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کیلیے کوالیفائی کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ امریکا ریجن فائنل میں کینیڈا نے برمودا کو 39 رنز سے ہراکر پہلی بار میگا ایونٹ میں جگہ بنالی، فاتح الیون نے 18 اوورز تک محدود مقابلے میں 4 وکٹ پر 132 رنز جوڑے، نونیت ڈھلوال 45، نکولس کرٹن 26 رنز بناکر نمایاں رہے، صابر نے 2 وکٹیں اڑائیں۔
حریف سائیڈ 16.5 اوورز میں 93 رنز پر حوصلہ ہارگئی، کلیم ثنا نے 4 رنز دے کر 3 بلے بازوں کو شکار کیا، انھیں میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا، ٹیرین فرے 30 اور کیمائو لیوروک 23 رنز بناکر تھوڑی سی مزاحمت پیش کرپائے، گورڈن نے 3 جبکہ نکھل دتہ نے 2 وکٹیں نام کیں۔ کوالیفائی کرجانے کے بعد اب کینیڈا کی ٹیم آئندہ برس ویسٹ انڈیز اور امریکا میں مشترکہ طور پر منعقد ہونے والے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں شریک ہوگی۔