رمیز راجہ نے کمنٹری کے دوران انکشاف کیا کہ شاہین آفریدی کی انگلی زخمی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین اور کمنٹیٹر رمیز راجہ نے پاکستان سری لنکا کے میچ کے دوران شاہین شاہ آفریدی کی انجری کی تصدیق کی۔
حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کمنٹری کے دوران کمنٹیٹر رمیز راجا نے کہا کہ شاہین آفریدی کی انگلی زخمی ہے اور وہ تکلیف میں بولنگ کررہے ہیں۔ انہوں نے دورانِ کمنٹری امید ظاہر کی کہ پاکستان کا اگلا میچ روایتی حریف بھارت کیخلاف ہے، براہ کرم ٹھیک ہوجائیں۔
ورلڈکپ میں پاکستان کے دوسرے میچ میں قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر اوپنر امام الحق نے کوشل مینڈس کا آسان کیچ ڈراپ کیا جس کے بعد انہوں نے میگا ایونٹ میں سری لنکا کے لئے تیز ترین سنچری بناڈالی۔
شاہین آفریدی میچ کے دوران ابھی تک کوئی وکٹ حاصل نہیں کرپائے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں ورلڈکپ کے عالمی مقابلوں میں 7 بار آمنے سامنے آئی ہیں جہاں پاکستان کا پلڑا بھاری ہے، گرین شرٹس نے 0-7 سے آئی لینڈرز پر برتری قائم کررکھی ہے۔ ایونٹ کے پہلے میچ میں قومی ٹیم نے نیدرلینڈز کو شکست سے دوچار کیا تھا جبکہ سری لنکا کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں بڑے مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔