لکھنؤ: آئی سی سی ورلڈ کپ کے دسویں میچ میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو 134 رنز سے ہرادیا۔
لکھنؤ کے تاریخی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ کے 312 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم 40.5 اوورز میں 177 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جنوبی افریقہ کی یہ ورلڈ کپ میں مسلسل دوسری کامیابی اور آسٹریلیا کی لگاتار دوسری شکست ہے۔
میچ میں جنوبی افریقہ کے بلے باز کوئنٹن ڈی کوک نے اپنی لگاتار دوسری سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 106 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 109 رنز بنائے۔ اس سے قبل سری لنکا کیخلاف پہلے میچ میں بھی انہوں نے سنچری اسکور کی تھی۔
اس میچ کے بعد ورلڈ کپ کے پوائنٹس ٹیبل پر جنوبی افریقہ 4 پوائنٹس اور 2.360 کے رن ریٹ کے ساتھ سر فہرست ہے۔ نیوزی لینڈ 4 پوائنٹس اور 1.958 رن ریٹ کے ساتھ دوسرے، انڈیا چار پوائنٹس 1.500 رن ریٹ کے ساتھ تیسرے اور پاکستان 0.927 رن ریٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔ چاروں ٹیموں نے ابتک اپنے دو دو میچ کھیل کر دونوں میچز میں فتح حاصل کی ہے۔
آسٹریلیا کی اننگز:
آسٹریلیا کا کوئی بھی بے باز جنوبی افریقہ کے بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کرسکا۔ ہدف کے تعاقب میں 70 کے مجموعی اسکور پر آسٹریلیا کے 6 بیٹرز پویلین لوٹ چکے تھے۔ مچل مارش 7، ڈیوڈ وارنر 13، اسٹیو اسمتھ 19، جوش انگلس 5، میکسویل 3 اور اسٹوئنس 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
ایسے میں مارنس لبوشین نے جنوبی افریقی بولرز کے سامنے تھوڑی مزاحمت کی لیکن وہ بھی اپنی ٹیم کو جیت نہ دلواسکے اور 46 رنز پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔ مچل اسٹارک نے 27، کپتان پیٹ کمنز نے 22 اور ایڈم زیمپا نے 11 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کاگیسو ربادا نے 3، مارکو جانسن، کیشو مہاراج، تبریز شمسی نے 2،2 اور لنگی نگیڈی نے ایک وکٹ حاصل کی۔جنوبی افریقہ کی اننگز:
جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنائے تھے۔ اوپنرز نے ٹیم کو 108 کا آغاز فراہم کیا تاہم کپتان ٹمبا باؤما 35 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ وین ڈر ڈوسن 26 رنز بناسکے جبکہ کوئنٹن ڈی کوک نے 8 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 109 رنز کی اننگز کھیلی۔ ایڈن مارکرم 56، ہینرک کلاسن 29 رنز بناکر وکٹ گنوابیٹھے جبکہ ڈیوڈ ملر 17 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے گلین میکسویل نے 2 جبکہ ایڈم زمپا، جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس:
قبل ازیں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ حریف کو جلد از جلد آؤٹ کریں اور ایونٹ میں پہلی کامیابی سمیٹیں۔
پیٹ کمنز نے کہا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیا کی گئی ہیں، ایلکس کیری کی جگہ جوش انگلس جبکہ کیمرون گرین کی جگہ مارکس اسٹوئنس کی پلئینگ الیون میں واپسی ہوئی ہے۔ اس موقع پر جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان ٹمبا باؤما نے کہا کہ ابتدا ہی سے کینگروز کیخلاف جارحانہ کھیل جاری رکھیں گے تاکہ آسٹریلیا کو پریشر میں لائیں۔
آسٹریلیا کا اسکواڈ:
کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، اسٹیو اسمتھ، مارنس لیبوشین، جوش انگلس، مارکس اسٹوئنس، گلین میکسویل، مچل اسٹارک، ایڈم زمپا اور جوش ہیزل ووڈ۔
جنوبی افریقہ کا اسکواڈ:
کپتان ٹمبا باؤما، کوئنٹن ڈی کوک، راسی وین ڈر ڈوسن، ایڈن مارکرم، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جانسن، کاگیسو ربادا، کیشو مہاراج، لونگی نگیڈی اور تبریز شمسی۔