news
English

ورلڈکپ: جنوبی افریقہ سے شکست،مائیکل کلارک نے ٹیم کو آڑے ہاتھوں لےلیا

سابق آسٹریلوی کپتان نے اپنی ہی ٹیم کی ناقص حکمت عملی اور سلیکشن پر سوال اُٹھادیا۔

ورلڈکپ: جنوبی افریقہ سے شکست،مائیکل کلارک نے ٹیم کو آڑے ہاتھوں لےلیا

آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں بدترین شکست پر سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک بھی اپنی ٹیم پر برس پڑے۔ سابق آسٹریلوی کپتان نے اپنی ہی ٹیم کی ناقص حکمت عملی اور پلیئرز کی سلیکشن پر سوال اُٹھادیا۔ 
اسکائی اسپورٹس کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے ٹیم کی سلیکشن اور حکمت عملی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پانچ بار کی عالمی چیمپئین ٹیم کو اگر ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں رہنا ہے تو جلد اپنی خامیوں پر قابو پانا ہوگا۔ 
انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کے لئے سری لنکا اور پاکستان کے خلاف مقابلہ آسان نہیں ہوگا، “میں یہ نہیں کہہ رہا کہ ورلڈکپ میں کینگروز کا سفر ختم ہوگیا لیکن آئی لینڈرز کے خلاف مقابلہ بہت اہم ہوگیا ہے۔،، 
مائیکل کلارک نے کہا کہ جب ہم نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کیخلاف پرفارم نہیں کرسکے تو برصغیر میں ایشیائی کنڈیشنز پر پاکستان اور سری لنکا کا مقابلہ کیسے کریں گے؟۔ 
سابق کرکٹر نے پیٹ کمنز کے ٹاس جیتنے کے بعد بولنگ کرنے کے فیصلے پر بھی تنقید کی کہ کیوں ہمارے بیٹرز کو پہلے موقع نہیں دیا گیا۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹورنامنٹ کے اہم میچ میں آسٹریلیا کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 134 رنز کی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ افتتاحی میچ میں کینگروز کو بھارت نے زیر کیا تھا۔