news
English

پی سی بی میں تبدیلیوں کی آندھی چلنے کا وقت قریب  

سہیل اشرف کو کوئی بڑی پوسٹ سونپے جانے کا امکان،جلد اہم فیصلے ہوں گے۔

پی سی بی میں تبدیلیوں کی آندھی چلنے کا وقت قریب  

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) میں ایک بار پھر تبدیلیوں کی آندھی چلنے کا وقت قریب آ گیا۔ 
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے چند روز قبل 3 برس کے لیے چیئرمین شپ کی ذمہ داری سنبھالی ہے، وہ ان دنوں نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کا کام بھی سنبھالے ہوئے ہیں، البتہ انتخابات کے بعد اب وہاں سے فراغت کے دن قریب ہیں، محسن نقوی نے چند روز قبل بورڈ میں اپنی ٹیم لانے کا عندیہ دیا تھا، گذشتہ روز اس حوالے سے پیش رفت بھی سامنے آگئی۔
 
پنجاب گورنمنٹ میں خدمات سرانجام دینے والے تین افسران کی خدمات 2 سال کے لیے ڈیپوٹیشن پر پی سی بی کو سونپ دی گئیں، ان میں پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروس کے آفیسر لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف کے ساتھ پولیس سروس کے آفیسرز ارتضیٰ کمیل اور زین عاصم بھی شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ان میں سے ایک  لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف کو کوئی بڑی پوسٹ سونپے جانے کا امکان ہے، پی سی بی کے آئین میں سی ای او کا عہدہ موجود نہیں، جب نجم سیٹھی کی واپسی پر آئین بحال ہوا توسی ای او فیصل حسنین کو پہلے شعبہ اسپیشل پراجیکٹس میں بھیجا گیا پھر وہ ملازمت چھوڑ گئے تھے۔ اب آئین میں تبدیلی کرنا پڑے گی یا پھر سی ای او کی پوسٹ کو ایم ڈی یا کوئی اور نام دیا جائے گا، سی او او کی حیثیت سے کام کرنے والے سلمان نصیر کو شعبہ انٹرنیشنل کرکٹ میں بھیجا جا سکتا ہے، کئی افسران کو عہدوں سے فارغ بھی کرنے کا امکان بڑھ گیاہے، پی سی بی کے ملازمین میں بھی اس حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے، آئندہ چند روز میں اہم فیصلے سامنے آ سکتے ہیں۔