news
English

بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد کیا گرین شرٹس نے کھانا چھوڑدیا تھا؟

منگل کےروز فلوریڈا پہنچنے پر پاکستانی ٹیم کا استقبال بارش نے کیا، ابرِ رحمت برسنے کا سلسلہ بدھ تک جاری رہا  

بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد کیا گرین شرٹس نے کھانا چھوڑدیا تھا؟

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، کیا بابر اعظم اینڈ کمپنی نے بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد رات کا کھانا چھوڑ دیاتھا؟ بڑا انکشاف سامنے آگیا۔
ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024ء میں کینیڈا کے خلاف فتح کے بعد پاکستانی ٹیم نے کسی حد تک اپنا حوصلہ بحال کر لیا ہے۔ یہ سمجھتے ہوئے کہ ان کی قسمت اب مکمل طور پر ان کے اپنے ہاتھ میں نہیں ہے تاہم کھلاڑیوں نے زیادہ پر سکون رویہ اپنایا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے گزشتہ روز بعض کھلاڑیوں سے انفرادی طورپر ملاقاتیں کیں جس میں آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ماضی کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا اور کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ آئرلینڈ کے خلاف آئندہ میچ پر مرکوز رکھیں۔ افواہوں کے برعکس ٹیم کے ذرائع نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ بابر اعظم اور دیگر کھلاڑیوں نے بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد آنسو بہائے اور رات کا کھانا چھوڑ دیاتھا۔ 
کھلاڑی جہاں بلاشبہ مایوس تھے وہیں ہر کسی کے رونے کے ساتھ سوگ کا ماحول نہیں تھا۔ میچ کے بعد صرف نسیم شاہ ہی جذباتی ہوگئے تھے جنہیں آبدیدہ ہوتے ہوئے پوری دنیا نے اسکرین پر دیکھا۔
اس طرح کی کہانیاں مبینہ طور پر کھلاڑیوں کی سوشل میڈیا ٹیموں کی جانب سے پھیلائی جاتی ہیں تاکہ ان کے امیج کو بہتر بنایا جاسکے اور عوام کی ہمدردیاں حاصل کی جاسکیں۔
دوسری جانب اپنے اگلے میچ کے لیے منگل کو فلوریڈا پہنچنے پر پاکستانی کرکٹرز کا استقبال بارش نے کیا اور ابرِ رحمت برسنے کا سلسلہ بدھ تک جاری رہا۔ ان دنوں کوئی پریکٹس سیشن طے نہیں تھا۔ ٹیم جمعرات کو یعنی آج موسم کی اجازت کے مطابق پریکٹس کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ تاہم ہفتے کی پیشگوئی میں مزید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اس سے قبل سری لنکا اور نیپال کے درمیان منگل کو ہونے والا میچ بھی بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔ اگر فلوریڈا میں بارش جاری رہتی ہے تو اس سے پاکستان کی سپرایٹ تک جانے کی امیدیں متاثر ہوسکتی ہیں، خاص طور پر 14 جون کو امریکہ بمقابلہ آئرلینڈ کے میچ میں جس میں بارش کا 91 فیصد امکان ہے۔ پاکستان کو جیتنے کے لیے آئرلینڈ کی کامیابی کی ضرورت ہے بصورت دیگر اگر آئرلینڈ یہ میچ ہار جاتا ہے تو امریکہ ایک پوائنٹ حاصل کر لے گا اور پاکستان کا سفر ختم کر کے سپرایٹ تک رسائی حاصل کرلے گا۔