کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل کا کہنا ہے کہ بڑے دکھ کی بات ہے کہ سات سے آٹھ بڑے کھلاڑیوں سے محرومی کے باوجود پاکستان کا دورہ کرنے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم ٹی20 میچز کی فاتح بن کرگئی۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کو آئندہ ٹی20 ورلڈکپ ایتھوپیا میں نہیں بلکہ آسٹریلیا میں کھیلنا ہے، میگا ایونٹ کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب پر دھیان دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم میں پانچویں اور چھٹے نمبر کے کھلاڑیوں پرخاص توجہ دینا ہوگی، ذاتی پسند ناپسند سے قطع تعلق کھلاڑیوں کے چناؤ پر توجہ دی جانی چاہیئے۔
وکٹ کیپر بلےباز کامران اکمل نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے سوچیں، صرف 6 کھلاڑیوں پرہی نہ توجہ مرکوز نہ کی جائے بلکہ مناسب منصوبہ بندی کے ساتھ تمام کھلاڑیوں، کپتان،کوچنگ اسٹاف، سلیکشن توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) منعقد کروا کر پاکستان کرکٹ کی بقا میں اہم کردار ادا کیا، پاکستان کی آج بچ جانے والی کرکٹ میں نجم سیٹھی کا بڑا کردار ہے۔
کامران اکمل نے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسے جلد بحال کرنے کی ضرورت ہے، ڈیپارٹمنٹس بند ہونے سے کھلاڑی پریشانی کا شکار ہیں، حکومت کو جلد نوٹس لینا چاہئیے۔