کرائسٹ چرچ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ میں غلطیاں کیں جبکہ میچ جیتنے کے لیے 130رنز بہت کم تھے۔
سہ فریقی سیریز میں میزبان ٹیم کے ہاتھوں 9 وکٹوں سے شکست پر کپتان بابر اعظم نے کہا کہ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 160کے قریب اسکور ہوتا تو میزبان ٹیم کو جیتنے سے روک سکتے تھے۔
قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پچ سلو تھی اور ہم نے اچھی بیٹنگ بھی نہیں کی، کوشش کریں گے اگلے میچوں میں اپنی غلطیوں سے سبق سیکھیں۔
واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 131 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم کیوی ٹیم نے یہ ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 16.1 اوور میں حاصل کرلیا۔
کیوی اوپنرز کے درمیان پہلی وکٹ کی شراکت میں 117 رنز بنائے گئے، اوپنر فن ایلن 62 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ ڈیون کانوے 49 اور کپتان کین ولیمسن 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
سہ فریقی سیریز کا پانچواں میچ کل 11 اکتوبر کو نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ 13 اکتوبر کو چھٹے میچ میں پاکستان اور بنگلا دیش مدمقابل آئیں گے۔
ایونٹ کا فائنل ٹی ٹوئنٹی جمعہ 14 اکتوبر کو کرائسٹ چرچ میں ہی کھیلا جائے گا۔