news

سابق فاسٹ بولرعاقب جاوید کا شاہین آفریدی کی فٹنس پر تشویش کا اظہار

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے شاہین شاہ آفریدی کی فٹنس کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سابق فاسٹ بولرعاقب جاوید کا شاہین آفریدی کی فٹنس پر تشویش کا اظہار

شاہین شاہ آفریدی نے انجری کے بعد لندن میں ری ہیپ مکمل کرنے کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل پاکستانی ٹیم کو جوائن کیا تھا اور انگلینڈ اور افغانستان کے خلاف وارم اپ میچز میں بولنگ بھی کی تھی۔

بھارت کے خلاف سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے 4 اوورز میں 34 رنز دیے اور کوئی وکٹ نہ لے سکے جبکہ میچ میں بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری گیند پر شکست دی۔

اس حوالے سے ایک میڈیا پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ایس ایل میں شاہین شاہ آفریدی کی ٹیم لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی نے میچ میں 100 فیصد پرفارمنس نہیں دی، دیکھنا ہوگا کہ شاہین فٹ نہیں ہیں یا انہوں نے احتیاطاً زور نہیں لگایا کیونکہ گھٹنے کی انجری کے بعد فاسٹ بولر یا تو پوری طرح فٹ ہوتا ہے یا پھر فٹ نہیں ہوتا۔

ان کا کہنا تھا شاہین آفریدی کو پی ایس ایل میں کہا تھا کہ فٹ نہیں ہو تو نہ کھیلو لیکن شاہین آفریدی نے کہا کہ میں کھیلوں گا، پاک بھارت میچ میں بھی شاہین فٹ نظر نہیں آ رہا تھا، اسے بھاگنے میں بھی مشکل پیش آرہی تھی۔

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا بھارتی بیٹرز نے پلان کر لیا تھا کہ شاہین اور حارث رؤف کی گیندوں پر رنز بنائیں گے اور انہوں نے ایسا ہی کیا۔

عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ بولرز آتے ہیں انہیں بولنگ کا پتہ ہی نہیں ہوتا کہ کہاں گیند کروانی ہے۔