news

سینٹرل پنجاب نے بلوچستان کو ہرا کر پاکستان کپ جیت لیا

سینٹرل پنجاب کی ٹیم نے بلوچستان کو 50 رنز سے شکست دے کر پاکستان کپ جیت لیا۔ 

سینٹرل پنجاب نے بلوچستان کو ہرا کر پاکستان کپ جیت لیا

 کراچی میں کھیلے گئے زبردست ایونٹ کے فائنل میں سینٹرل پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 254 رنز بنائے۔ 

طیب طاہر نے 71 جبکہ تجربہ کار بلےبازاحمد شہزاد نے 61 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

بلوچستان کے محمد جنید نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 56 رنز کے عوض سینٹرل پنجاب کے 5 کھلاڑیوں کو واپسی کی راہ دکھائی۔ 

ہدف کے تعاقب میں بسم اللّٰہ خان کے علاوہ بلوچستان کا کوئی بیٹر خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔ 

بسم اللّٰہ خان نے 70 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ عمران بٹ نے 30 رنز کے ساتھ سینٹرل پنجاب کے بولرز کا سامنا کیا۔ 

سینٹرل پنجاب کی جانب سے علی شفیق نے 3 جبکہ ظفر گوہر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 

سینٹرل پنجاب کے طیب طاہر کو میچ کا بہترین کھلاڑی اور ایونٹ کا بہترین بیٹر بھی قرار دیا گیا۔ 

بہترین بولر کا ایوارڈ سینٹرل پنجاب کے اسامہ میر کو دیا گیا جبکہ سینٹرل پنجاب ہی کے عماد بٹ کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 

انہوں نے ایونٹ میں 365 رنز بنائے جبکہ 19 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

بہترین وکٹ کیپر کا اعزاز بلوچستان کے حسیب اللّٰہ خان کے نام رہا۔