news
English

بابراعظم پر تنقید سے پہلے اپنا لیول چیک کریں، افتخار احمد

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جارح مزاج بلے باز افتخار احمد بھی بابراعظم کی قائدانہ صلاحیت پر ان کی حمایت میں سامنے آگئے۔

بابراعظم پر تنقید سے پہلے اپنا لیول چیک کریں، افتخار احمد

مقامی ٹی وی چینل کو دیئےگئے انٹرویو میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بلے باز افتخار احمد نے کہا کہ بابراعظم کی کپتانی پر تنقید کرنا ’’گناہ‘‘ کے مترادف ہے، ہر کوئی جانتا ہے کہ بابراعظم جیسا کھلاڑی دنیا میں کوئی نہیں۔ کپتان پر تنقید کرنے سے پہلے اس طرح کا کرکٹر بنیں اور پھر بات کریں۔

قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے بابراعظم کے حوالے سے کہا تھا کہ شائقین کو پاکستانی کپتان کی قدر کو سمجھنا چاہیے اور ان پر غیر ضروری تنقید نہیں کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت قوم ہم بابر اعظم کی قدر نہیں کررہے اور اس پر دباؤ ڈال رہے ہیں، ہمیں بابر کا احترام کرنا چاہیے، تنقید کریں لیکن کسی کی دل آزاری نہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے آغاز سے قبل محمد عامر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ میرا کام وکٹیں لینا ہے اس سے قطع نظر کون سا بلےباز کریز پر موجود ہے، خواہ وہ بابراعظم ہوں یا کوئی ٹیل اینڈر، بالنگ کروانا یکساں ہے، جس کے بعد پیسر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

دوسری جانب گزشتہ روز کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلے گئے میچ میں محمد عامر نے بابراعظم کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کردیا تھا تاہم اس میچ میں کنگز کو 24 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔