news
English

جنوبی افریقانےتیسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کوہرادیا، سیریز1-1سے برابر

پوچیسٹروم: جنوبی افریقا نے تین ون ڈے میچوں کی سریز کے آخری میچ میں ویسٹ انڈیز کو چار وکٹوں سےشکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔ پہلا میچ بارش کے باعث نہیں ہوسکا تھا۔

جنوبی افریقانےتیسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کوہرادیا، سیریز1-1سے برابر

جنوبی افریقا کی اننگز کی خاص بات مڈل آرڈر بیٹر ہائنرک کلاسن کی دھواں دھار سینچری تھی،  جس کی بدولت پروٹیز نے 261 کا رنز ہدف محض تیسویں اوور میں حاصل کرلیا۔  ہائنرک نے صرف 61 گیندوں پر 15  چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 119 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر تین میچوں کی سیریز برابر کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ یہ ہائنرک کے ون ڈے کیریئر کی دوسری سینچری تھی۔ 

قبل ازیں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ تاہم اوپنر برینڈن کنگ ( 72 رنز) کے علاوہ ویسٹ انڈیز کا کوئی بھی بیٹر قابل ذکر کارکردگی نہ دکھاسکا۔ ویسٹ انڈیز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، اور پوری ٹیم 48.2 اوورز میں 260 رنز بناکرآئوٹ ہوگئی۔

پروٹیز کی جانب سے مارکو جونسن، بیون فورٹن اور جیرالڈ کوئٹزی نے دو، دو بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ  لنگی انگیڈی، وائن پارنیل اور ایڈن مارکرم کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

جنوبی افریقا کی اننگز کا آغاز اچھا ثابت نہیں ہوا اور87 رنز پر اس کے 4 ٹاپ بیٹرز پویلین لوٹ چکے تھے۔ اس موقع پر مڈل آرڈر بیٹر ہائیرنک کلاسن نے اپنی دھواں دھار بلے بازی سے ویسٹ انڈین بالرز کے چھکے چھڑا دیے۔ انہوں نے محض 61 گیندوں پر 15  چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 119 رنزناٹ آئوٹ بنائے اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرتے ہوئے سیریز برابر کرنے میں کلیدی کردارادا کیا۔ آل رائونڈر مارکو جونسن ( 43  رنز)  نے بھی وکٹ پر ٹھہر کر ہائنرکلاسن کا بھرپور ساتھ دیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزیری جوزف نے سب سے زیادہ  تین وکٹیں حاصل کیں۔